کراچی(یوا ین پی)وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔اپنے ایک بیان میں وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ این سی او سی میں پنجاب کے کچھ شہروں اور پشاور میں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح بڑھنے پر وہاں 15 روز کے لئے تعلیمی ادارے موسم بہاراں کی چھٹیوں کے لئے کچھ پہلے ہی بند کئے گئے ہیں، صوبہ سندھ میں ایسی کوئی تعطیلات نہیں ہوتی۔سعید غنی کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹئیرنگ کمیٹی کے گزشتہ کے اجلاس میں جو فیصلے ہوئے اسی پر عمل درآمد ہوگا، صوبے میں تمام تعلیمی ادارے 50 فیصد ہی بچوں کو بلانے کے پابند ہیں اور یہی سلسلہ مزید جاری رہے گا، اگر کسی تعلیمی ادارے میں خدانخواستہ کورونا کے کیسز آتے ہیں تو اس کو بند کیا جائے گا۔ وزیرتعلیم نے کہا کہ سندھ میں تعلیمی ادارے 15 مارچ سے بند ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، صوبے بھر کے تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ کہا کہ پنجاب، خیبرپختونخوا، اور آزاد کشمیر میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سندھ اور بلوچستان میں حالات تقریباً ٹھیک ہیں اس لئے ان صوبوں میں 50 فیصد بچے اسکول آئیں گے۔ جب کہ اسلام آباد ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، ملتان، راولپنڈی، سیالکوٹ اور پشاور میں تعلیمی ادارے 15 مارچ بروز پیر 2 ہفتوں کے لیے بند کردیئے گئے ہیں، تمام تعلیمی ادارے 28 مارچ کو دوبارہ کھلیں گے۔ جن اداروں میں امتحانات ہورہے ہیں وہ جاری رہیں گے۔