ٹھٹھ ،چھوٹی مچھلی کے شکار اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

Published on November 24, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 110)      No Comments


ٹھٹھہ، (یواین پی/ حمید چنڈ) ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری نے محکمہ فشریز کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ چھوٹی مچھلی کے شکار اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کریں جبکہ ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عدلیہ اور سندھ حکومت کے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے انہیں مزید ہدایت کی کہ پولیس، روینیو و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور ماہیگیروں و دیگر متعلقہ اداروں سے مل کر ایک ایسی حکمت عملی تشکیل دیں تاکہ مچھلی کی نسل کشی کو بچایا جا سکے۔ یہ ہدایات انہوں نے اپنے دفتر میں مچھلیوں کے غیر قانونی شکار اور ممنوعہ جال کے استعمال کے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری، ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز غلام مصطفی میمن، ڈائریکٹر فشریز ریسرچ اینڈ ٹریننگ گاڑھو خلیق احمد سومرو، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عمر کلہوڑو، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محفوظ علی سومرو، سینیئر نائب صدر فشر فوک فورم سندھ یاسمین شاہ و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کینجھر اور ہالیجی جھیلوں سمیت دریاء اور نہروں پر اچانک چھاپے مار کر بھولو، گجو اور بنگالی جال ضبط جبکہ ملوث افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے مچھلی مارکیٹوں اور شہروں میں اچانک چھاپے مارکر ممنوعہ مچھلی کی فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی بلا تفریق کارروائی کی جائے، چاہے کوئی کتنا بھی با اثر کیوں نہ ہو، مچھلی کے شکار کے قانون پر عملدرآمد کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے، اس ضمن میں کسی بھی قسم کی غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بغیر لائسنس کے مچھلی کا شکار کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے جبکہ وہ خود بھی مارکیٹوں اور بازاروں کے اچانک دورے کرکے صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ اس موقع پر محکمہ فشریز کے افسران نے غیر قانونی مچھلی کے شکار کے متعلق کی گئی کارروائیوں، کارکردگی اور فیلڈ میں درپیش مسائل سے تفصیلی آگاہی دی، جس پر ڈپٹی کمشنر نے انہیں سیکیورٹی کی فراہمی سمیت دیگر مسائل کے حل کے متعلق یقین دہانی بھی کرائی۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Theme