آن لائن ٹیکسی ڈرائیورزکو پرکشش پیکج پر الیکٹرک گاڑیاں فراہم کی جائیں گی، الیکٹرک گاڑیوں کی ڈاون پیمنٹ یا آسان اقساط پرفراہمی کی جائے گی؛ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کی گفتگو
لاہور (یو این پی) صوبہ پنجاب میں صوبائی حکومت نے پہلی بار ای ٹیکسی سکیم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ ہاؤس لاہور میں ای ٹیکسی پر تجاویز اور مشاورت کے لیے سیمنار منعقد ہوا، سیمنار میں مختلف سرکاری محکموں، الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں، ٹرانسپوٹرز اوردیگر سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی،سیمینار میں ای ٹیکسی کے لیے الیکٹرک گاڑیوں کی اقسام، قیمتوں، سروس اور تیکنیکی معاملات پر گفتگو کی گئی، اس دوران ای ٹیکسی سمیت دیگر الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ سٹیشنز، بیٹریوں کے معیار اور سپیئر پارٹس کی آسانی سے فراہمی پر بھی مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے بتایا کہ آن لائن ٹیکسی کے لیےالیکٹرک گاڑیوں کی فراہمی کی سکیم لا رہے ہیں، وزیر اعلیٰ مریم نواز کے اعلان کے مطابق بیروزگار افراد کے لیے ای ٹیکسی سکیم شروع کرنے جا رہے ہیں، جس کے تحت بڑھتی فضائی آلودگی کے پیش نظر آن لائن ٹیکسی سروس کا بڑا حصہ ای ٹیکسی پر منتقل کیا جائے گا، یہ فیصلہ پنجاب میں آن لائن ٹیکسی کے بڑھتے استعمال کے پیش نظر کیا گیا، سکیم سے بیروزگاری میں کمی اور سستی سفری سہولت عوام کو دستیاب ہو سکے گی۔ان کا کہنا ہے کہ ہم تیزی سے جدید اور ایکو فرینڈلی ٹرانسپورٹ کی جانب بڑھ رہے ہیں، الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرنے والی کمپنیوں نے ای ٹیکسی سکیم میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا ہے، ای ٹیکسی سکیم میں ایسی گاڑیاں فراہم کرنا چاہتے ہیں جو قیمت میں نسبتا کم مگر معیار میں بہترین ہوں، آن لائن ٹیکسی ڈرائیورزکو پرکشش پیکج پر الیکٹرک گاڑیاں فراہم کی جائیں گی، الیکٹرک گاڑیوں کی ڈاون پیمنٹ یا آسان اقساط پرفراہمی کی جائے گی، اس سے ناصرف فضائی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ ڈرائیورز کو بھی معاشی فائدہ ہوگا، ڈرائیورز کو پیٹرول کی مد میں 40 فیصد تک بچت ہوگی۔