راجن پور(خرم شہزاد بُھٹہ سے ) شعیہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے راجن پور میں پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ حکومت کی کمزوری کے باعث محرم کے دوران سکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں ۔ زیر حراست دہشت گردوں کی سزائے موت پر عملدرآمد کیے جانے کے کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں ۔ محرم کے دوران تمام مسالک مقدس ہستیوں کی توھین سے باز رہیں۔ جامعہ امام جعفر صادق راجن پور میں پریس کانفرنس کے دوران ادارہ کے پرنسپل علامہ محمد تقی فاضل سمیت شعیہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما علامہ محمد تقی نقوی، علامہ مبشر حسن اظہر ، علامہ عبد الرضا صابری مولانا بلال حسین عابدی ، مولانا جون مہدی ، مولانا مجاہد حسین شامی ، سید حیدر علی رضوی ، میاں ناظم حسین سرائی ،میاں روح اللہ سرائی ، منظر عباس کمیلی ، سید حیدر علی رضوی ، عرفان حیدر و دیگر بھی موجود تھے ۔ صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے سربراہ شعیہ علماء کونسل علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کے باعث امن و امان کی تسلی بخش صورتحال عارضی ہے پاکستان آرمی سے توقع ہے کہ بلا تفریق تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف آپریشن یقینی بنائے گی ۔ انھوں نے کہا کہ قانون کی بالا دستی پر یقین رکھتے ہیں مگر شہری آزادی کی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے ۔ کیونکہ مہذب ممالک شہریوں کو آزادی فراہم کرتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان و ایران کے خوشگوار تعلق کے لیے دونوں ممالک ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے ۔ تیسری قوت دوست ممالک کے تعلقات میں بگاڑ کے لیے سازش میں مصروف ہے ۔ انھوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کے قتل عام روکنے کی ذمہ داری بلوچستان حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔