لاہور (یو این پی) دہشت گردوں کے تھری جی اور فور جی ٹیکنالوجی کے استعمال کو روکنے کیلئے پنجاب کی 15 جیلوں جن میں جیمرز نصب ہیںاوراب ان میں نئی اینٹی 3 اور 4 جی ڈیوائسز لگانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ (کیمپ) جیل لاہور میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کردیا گیا ہے جس کی کامیابی کے بعد موجودہ 15 جیلوں اور باقی جیلوں میں بھی مذکورہ ڈیوائسز لگادی جائیں گی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق خفیہ اداروں نے حکومت پنجاب کو خبردار کیا تھا کہ صوبے کی 7 سینٹرل جیلوں جن میں ہائی سیکیورٹی بیرکیں موجودہیں اور ان میں کالعدم تحریک طالبان کے 2 سو 79 قیدی موجودہیں میں موبائل فون جیمرز کے بعد 2 جی ٹیکنالوجی والے موبائل فون کی فون کالیں تو مکمل طور پر بند ہوچکی ہیں لیکن 3 اور 4 جی ٹیکنالوجی کے حامل آئی فون اور دیگر کمپنیوں کے فون سے ان شہروں میں موبائل فون سے بیرونی دنیا میں رابطے ممکن ہیں جہاں مذکورہ ٹیکنالوجی موجود ہے۔ حکومت پنجاب نے خفیہ اداروں کی اس اطلاع پر فوری ایکشن لیتے ہوئے جیلوں میں اینٹی 3 اور 4 جی ڈیوائسز کی تنصیب شروع کردی ہے اور اس سلسلے میں پائلٹ پراجیکٹ نے کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔