لندن(یو این پی) الطاف حسین نے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو فون کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرایا جائے۔ ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین نے کہا ہے کہ کارکنوں کیساتھ جنگی قیدیوں جیساسلوک کیاجارہا ہے، آصف زرداری اور وزیراعلیٰ کا رویہ افسوسناک ہے۔لندن سے جاری بیان میں ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ سندھ آگ میں جل رہا ہے اور صوبے کو مقبوضہ علاقہ بنا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ آصف زرداری اور قائم علی شاہ کو سندھ کے باسیوں سے ذرا برابر بھی محبت نہیں، دونوں کا رویہ انتہائی افسوسناک ہے۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو 2نمبروں پر فون کیا لیکن فون نہیں اٹھایا۔وزیراعلیٰ سندھ سے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ان سے بھی رابطہ نہ ہو سکا۔ وزیراعلیٰ سندھ انتہائی ضعیف ہوچکے ہیں اور انہیں الفاظ صحیح سمجھ نہیں آتے۔دوسری جانب رابطہ کمیٹی نے بھی آصف زرداری اور قائم علی شاہ کے رویے کی مذمت کی ہے۔