کوٹ رادھا کشن(احمد عزیز سے) جماعتہ الدعوۃ پاکستان کے مرکزی امیر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ وہ مودی سمیت بھارت کے تمام حکمرانوں کو پیغام دے چکے ہیں کہ وہ افغانستان میں اپنے آقا امریکہ اور روس کے انجام سے ڈر کر مقبوضہ جموں و کشمیر سے اپنی فوج کو نکال کر کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق دینے کا اعلان کر دیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹ رادھا کشن میں کارکنوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا ۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ جس طرح روس تمام تر وسائل اور ایٹمی ہتھیار رکھنے کے باوجود افغانستان میں نہتے مجاہدین کو شکست نہ دے سکا بلکہ عبرت ناک شکست کے بعد اپنے وجود کو برقرار نہ رکھ سکا تھا اور اسی غلطی کو دھرا کر امریکہ عراق اور افغانستان میں طاقت کے گمنڈ میں مجاہدین کو شکست دینے کے لیے داخل ہوا تھا اور اب ناکامی کے بعد واپسی کا راستہ تلاش کر رہا ہے لیکن میں یہ بات یقین کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ روس سے زیادہ عبرت ناک انجام امریکہ کا ہو گا اگر روس اور امریکہ تمام تر وسائل رکھنے کے باوجود مجاہدین کو شکست نہ دے سکیں تو آٹھ لاکھ بھارتی فوج کس طرح کشمیری مجاہدین کو شکست دے سکتی ہے ۔ بھارت حکمران اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ ایک لاکھ کے قریب جانوں کا نذرانہ دینے کے باوجود کشمیری مجاہدین کے جذبہ میں ایک فیصد بھی کمی نہیں آئی اور بھارتی افواج نے تمام تر مظالم ڈھا کر دیکھ لیے ۔ اسی لیے اب بہتر یہی ہے کہ بھارتی حکمران مظلوم کشمیری عوام کو حق رائے دہی کا حق دے دیں کہیں ایسا نہ ہو جموں کشمیر پر اپنا تسلط قائم رکھتے رکھتے وہ روس کی طرح اپنا وجود برقرار نہ رکھ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کشمیری کی آزادی سے منسلک ہے ۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ مشرق وسطیٰ و اسلامی ممالک میں صیہونی طاقتیں اپنی ایجنٹ جماعتیں داعش و دیگر جماعتوں کے ذریعے خراب کر کے اسلامی ممالک کو آپس میں لڑا کر ان کے وسائل پر اپنا تسلط قائم کرنا چاہتی ہیں ۔ اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو چاہیئے کہ وہ باہمی اختلافات ختم کر کے اپنی طاقت کو یکجان کریں اسی میں ان کی بقا اور امن مسلمہ کی بہتری ہے ۔