جھنگ( یواین پی)قائم مقام کمشنر فیصل آبا دڈویژ ن سلمان غنی نے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے حکام اور قومی ترقی محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ 30جون سے قبل تمام زیر تکمیل ترقیاتی کاموں کو مکمل کروائیں اور اس ضمن میں کام کے اعلیٰ معیار کوبھی ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ تما م متعلقہ محکمے باہمی کوآرڈی نیشن کو یقینی بنائیں اور ممبران اسمبلی کو اس حوالہ سے بروقت آگاہی پہنچائیں ۔ وہ گزشتہ روز ڈی سی او آفس جھنگ میں ضلعی کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلا س کی صدارت کر رہے تھے، اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر بلال صدیق کمیانہ ،قائم مقام ڈی سی او عبدالقادر شاہ ، ڈی پی او ہمایوں مسعود سندھو، ممبران صوبائی و قومی اسمبلی اورمتعلقہ محکموں کے ایگزیکٹیو اور ڈسٹرکٹ افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران قائم مقام ڈی سی او عبدالقادر شاہ نے محکمہ تعلیم اور صحت کی عمارتوں اورضلع کی مختلف سڑکوں کے تعمیرومرمت کے جاری منصوبہ جات بارے بریفنگ دی۔انہوں نے گندم خریداری مراکز پر کسانوں کو فراہم کی گئی سہولیات و سیکورٹی اور رمضان بازاروں کے انعقاد کے حوالہ سے کئے جانے والے انتظامات بارے بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔ قائم مقام کمشنر سلمان غنی نے محکمہ ورکس اینڈ سروسز ،فنانس اینڈ پلاننگ ، ہائی وے اور دیگر محکموں کے سربراہان کو تاکید کی کہ وہ ترقیاتی کاموں کی ذاتی طورپر مانیٹرنگ کو یقینی بناتے ہوئے تمام زیر تکمیل ترقیاتی منصوبہ جات کو اعلیٰ معیار کے مطابق بروقت مکمل کروائیں۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں کی تکمیل اوردیگر عوامی مسائل کے حل کیلئے کئے جانے والے اقدامات بارے ممبران اسمبلی کوبھی آگاہی فراہم کی جائے اور معزز ممبرا ن اسمبلی کی طر ف سے عوامی مسائل کی نشاندہی پر فوری کاروائی عمل میں لائی جائے۔ قائم مقام کمشنر سلمان غنی نے مزید کہا کہ شہر بھر میں نکاسی آب اورصفائی ستھرائی کے حوالہ سے عوامی شکایت کو ترجیحی بنیادوں پردور کیا جائے اور ضلعی انتظامیہ کے افسران تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کی چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھیں۔مزید برآں آر پی او فیصل آباد ڈویژن بلال صدیق کمیانہ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفس کا دورہ کیا جہاں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔بعد ازاں ڈی پی او ہمایوں مسعود سندھو نے ضلع کی مجموعی امن و امان کی صورتحال اور کرائم کنٹرول کے حوالہ سے بریفنگ دی ۔ آ ر پی اوبلال صدیق کمیانہ نے اس موقع پر ہدایات جاری کیں کہ مقدمات کی تفتیشوں کو بروقت میرٹ پر مکمل کیا جائے اور عام آدمی کی داد رسی کو یقینی بنایا جائے۔