اسلام آباد: (یواین پی) وزیراعظم عمران خان نے چینی قونصل خانے کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے کامیاب دورہ چین کا ردعمل قرار دیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کراچی میں دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، اجلاس میں شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ دہشتگردوں کو عمارت میں داخلے سے روکنے پر پولیس اہلکاروں کو داد دیتا ہوں، چینی قونصل خانے کے کسی شخص کو نقصان نہیں پہنچا، دہشتگرد قونصل خانے میں داخل ہو جاتے تو بڑا سانحہ ہو سکتا تھا۔ ملک سے تمام دہشتگردوں کو ختم کر کے دم لیں گے۔عمران خان نے کہا کہ دشمن نے دورہ چین کی کامیابیوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی۔ وزیراعظم نے اورکزئی میں دہشتگردی کے واقعہ کی بھی شدید مذمت کی۔بعد ازاں اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، چینی قونصلیٹ پر حملہ ناکام بنانے والے اہلکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں، دہشت گردوں کو شکست دیں گے۔