دبئی: (یو این پی) دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستانی ٹیم نے چار کھلاڑیوں کے نقصان پر 207 رنز بنا لیے ہیں۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر اپنے بلے بازوں کو میدان میں اتارا، محمد حفیظ اور نوجوان کھلاڑی امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں ہی اوپنر زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور 25 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے، دونوں کھلاڑیوں نے صرف 9، 9 رنز بنائے۔ کیوی باؤلر گرانڈ ہوم نے دونوں پاکستانی اوپنرز کو آؤٹ کیا۔اس کے بعد اظہر علی اور حارث سہیل نے وکٹ سنبھالی اور انتہائی محتاط طریقے سے کھیلتے ہوئے ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔ پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اظہر علی بنے جنہوں نے 81 رنز کی اننگز کھیلی، اظہر علی رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔ اس کے بعد اسد شفیق صرف 12 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئےاس وقت حارث سہیل 81 جبکہ بابر اعظم 14 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جو کل دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کریں گے۔ پاکستان نے پہلے روز 4 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے۔