سماج دشمن عناصر کی بزدلانہ کاروائی Article by Dr.B.A.Khurram

Published on November 25, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 476)      No Comments

تحریر۔۔۔ ڈاکٹر بی اے خرم
چین کے ساتھ وطن عزیز اسلامی جمہوریہ پاکستان کی دوستی مثالی ہے پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہری ہے یہ دوستی دونوں دوست ممالک کے مختلف شعبوں میں مشترکہ اصولوں اور باہمی مفادات پر قائم و دائم ہے اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ علاقائی امن و استحکام اور معاشی تعاون کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ کوششوں میں ہر گزرتے لمحے کے ساتھ پختگی دیکھنے کو ملی،پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی اور صنعتی تعاون کو اقتصادی راہداری (سی پیک)سے منصوبے کے آغاز کے بعد خوب پذیرائی ملی ہے اقتصادی راہداری انسانی ترقی اور سماجی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا شامل ہے سی پیک مشرق وسطیٰ اور خلیجی ممالک کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ ثابت ہو گاہمارے وطن میں دوست ملک چین کے تعاون سے بھاری سرمایہ کاری اورپاک چین اقتصادی راہ داری منصوبہ’’سی پیک‘‘سماج دشمن عناصر کو چین سے سونے نہیں دے رہا دونوں ممالک میں بے لوث مثالی دوستی نے سماج دشمن عناصرکا دن کا سکون اور رات کی نیند آنکھوں سے کوسوں دور ہے یہی وجہ ہے کہ سماج دشمن عناصروطن عزیز میں انار کی پھیلاکر دونوں ممالک کے درمیان نفرت کی دیوار کھڑی کرنے کے خواہاں ہیں 23نومبر کو ملک میں دو اہم واقعات نے ہر محب وطن کو پریشانی میں مبتلا کر دیا یہ دونوں واقعات الگ الگ صوبوں خیبر پختون خواہ اور سندھ میں رونما ہوئے خیبر پختون خواہ میں دھماکہ اور سندھ میں چینی قونصل خانے میں حملہ کی ناکام کوشش تھی جمعہ کے روز لوئر اورکزئی کے مرکزی مقام کلایہ کے مین بازار میں زور دار دھماکہ سے 31افراد جاں بحق جبکہ55 افراد شدید زخمی ہو گئے دھماکہ اس وقت ہوا کہ جس وقت کلایہ بازار میں مقامی آبادی کے لوگ حسب معمول بازار میں روز مرہ خریداری میں مصروف تھے دھماکہ کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز اور اورکزئی انتظامیہ اوراورکزئی لیوی فورس نے جائے وقوعہ پر گھیراؤ کر کے جان بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو فوری طور پر کلایہ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اورکزئی منتقل کیامحکمہ صحت اورکزئی ذرائع کے مطابق دھماکہ کے مجموعی 55زخمیوں میں 35شدید زخمیوں کو مزید علاج معالجہ کے لئے تشویشناک حالت میں پشاور کے ہسپتالوں میں ریفر کیا گیادھماکہ کے جائے وقوعہ پر قیامت صغری کا سماں رہا جبکہ دوسرا اہم واقعہ عروس البلاد شہر کراچی میں صبح ساڑھے 9 بجے کے قریب 3 دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم گارڈز کے روکنے پر انہوں نے فائرنگ کردی، جس پر قونصلیٹ پر تعینات سیکیورٹی گارڈز نے بھی جوابی فائرنگ کی، اس دوران دھماکے کی آواز بھی سنی گئی سیکیورٹی فورسز نے کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 حملہ آوروں کو ہلاک کرکے ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کرلیا، کارروائی میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی بھی ہوا حملے میں چینی قونصل خانے میں باپ بیٹا بھی حملے میں جا ں بحق ہوئے واقعے میں جاں بحق ہونے والے دیگر 2 افراد کے شناختی کارڈز پر کوئٹہ کا پتہ درج ہے، جو باپ بیٹا ہیں اور چینی قونصل خانے میں ویزہ لگوانے آئے تھے مردہ حالت میں لائے گئے افراد کے سر میں گولیاں لگی ہیں جبکہ ان کے جسم سے چھرے بھی نکالے گئے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی اور علاقے کومحاصرہ میں لیا دوسری جانب تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرکے قونصلیٹ کی طرف جانے والی ٹریفک روک دی گئی ایس ایس پی ساتھ پیر محمد شاہ کی سربراہی میں پولیس کی ایک ایڈوانسڈ پارٹی جبکہ رینجرز کی نفری بھی قونصلیٹ میں داخل ہوئی اور کلیئرنس کارروائی کے بعد صورتحال پر مکمل قابو پالیا گیاحملے کے وقت 21 چینی شہری قونصلیٹ میں موجود تھے جو تمام محفوظ ہیں
سماج دشمن قوتیں ایسی ہیں جو پہلے دن سے سی پیک منصوبے کے خلاف ہیں انہیں سی پیک کھٹکتا ہے، یہ قوتیں نہیں چاہتیں کہ ملک میں امن ہو، یہاں استحکام ہو اور معاشی خوشحالی ہو، اس لیے اس قسم کی مذموم حرکتیں کرتے ہیں سماج دشمن قوتوں کو سمجھ لینا چاہئے چین پاک دوستی لازوال ہے،پاک فوج ،حکومت اور قوم ان سماج دشمن عناسر کے خلاف ایک سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے اورسماج دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کی قوت رکھتے ہیں، ہم میں صلاحیت موجود ہے، چینی قونصلیٹ پر حملہ تشویشناک بات ہے، چائنا کی دوستی برے وقتوں میں ساتھ کھڑے ہونا اور پاکستان کے ساتھ ہر حال میں کاندھے سے کاندھا ملا کر سپورٹ کرنا ہے، اس واقعہ سے قوم میں تشویش کی لہر دوڑگئی ہے، حملے کے پیچھے موجود عناصر اور محرکات کو فوری بے نقاب کیاجانا چاہیے، یہ حملہ پاک چین معاشی اور اسٹریٹیجک تعاون کے خلاف سازش ہے دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام جہاں حکومت وقت کا کام ہے وہاں عالمی برادری کو بھی خطہ میں امن کے لئے عملی اقدامات کا مظاہرہ کرنا ہوگا دشمنان پاکستان کان کھول کر سن لیں جس نے پاک چین دوستی کے درمیان رخنہ ڈالنے کی کوشش کی بہادر قوم ان کی اینٹ سے اینٹ بجا دے گی سماج دشمن عناصر کی بزدلانہ کاروائیوں سے پاک فوج ،حکومت اور قوم کے حوصلے پست نہیں ہوں گے اور انشاء اللہ وطن عزیز ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Theme