لاہور: (یواین پی) صوبائی دارالحکومت کے نواحی علاقہ رائیونڈ روڈ پر مقامی نجی یونیورسٹی کی عمارت سے کود کر طالبہ نے اپنی جان دے دی۔ذرائع کے مطابق نجی یونیورسٹی کے شعبہ ویزول آرٹس اینڈ ڈیزائن کے پانچویں سمسٹر میں زیر تعلیم طالبہ روشان فرخ نے یونیورسٹی کی زیر تعمیر عمارت کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگائی۔ مزکورہ طالبہ کو تشوشناک حالت میں جنرل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکی۔طالبہ نے خودکشی سے قبل سوشل میڈیا پر اپنا آخری پیغام بھی دیا ہے۔ پیغام میں کہا گیا ہے کہ اگر میں خود کو قتل کر دوں تو مجھے ہمیشہ ہنستا مسکراتا یاد رکھا جائے۔ ذرائع کے مطابق طالبہ تین بہنوں میں دوسرے نمبر پر تھی اور اس کا والد بیرونِ ملک مقیم ہے۔دوسری جانب اہلخانہ نے واقعہ کے حوالے سے کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی سے انکار کر دیا جس پر پولیس نے ضرروی کارروائی کے بعد میت ورثاء کے حوالے کر دی ہے۔