ماحولیاتی تبدیلی اور اس کے پاکستان پر اثرات کے انتہائی اہم موضوع پرسیمینار

Published on November 30, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 324)      No Comments

ماحولیاتی تبدیلی اور اس کے پاکستان پر اثرات کے انتہائی اہم موضوع پرسیمینار
حیدرآباد(رپورٹ*جنید علی گوندل) جامعہ سندھ کے سینٹر فار پیور اینڈ اپلائیڈ جیولاجی کی جانب سے ’’ماحولیاتی تبدیلی اور اس کے پاکستان پر اثرات‘‘ کے انتہائی اہم موضوع پرسیمینارمنعقد ہوا سینٹر کے آڈیٹوڑیم میں منعقد کیے گئے اس سیمینار کے مہمان خصوصی شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت تھے، جبکہ اہم مقررین میں معروف امریکی اسکالر ڈاکٹر رابرٹ رینالڈس اور ڈاکٹر غلام سرور تھے اس موقع پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی اور اس کے اثرات کے موضوع پر یہ لیکچر پروگرام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس وقت عالمی درجہ حرارت پوری دنیا کا مسئلہ بن چکا ہے، جس سے ہمارا خطہ بھی محفوظ نہیں ہے انہوں نے کہا کہ ماحولیات کی تبدیلی کے ساتھ ہمیں جو تبدیلیاں لانی چاہئے تھیں اور اس کے اثرات سے بچاؤ کے لیے جو تدابیر اختیار کرنا چاہئے تھیں وہ نہیں لی گئیں ہیں جس کی وجہ سے صورتحال دن بدن شدید ہو رہی ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ماحولیات کے مسائل میں اضافے کی ایک وجہ آبادی کا بڑھ جانا بھی ہے، بڑے شہروں بالخصوص کراچی میں گزشتہ کچھ سالوں کے دوران بہت تیزی سے آبادی میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے گاڑیوں کی تعداد بڑھ جانے سے شور و غل اور آلودگی میں بھی اضافہ ہوا ہے درختوں کی ایک بڑی تعداد کا کاٹا جانا اور نئے پودے لگانے کی جامعہ منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے ماحول کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس کے انسانوں کے ساتھ تمام جانداروں پر مضر اثرات پڑ رہے ہیں ڈاکٹر برفت نے کہا کہ پانی جو انسانی زندگی کا اہم ذریعہ ہے، اس میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کی وجہ سے موسمی بارشوں کا سلسلہ بھی کم ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں ریگستانی علاقوں بالخصوص تھر پر انتہائی مضر اثرات پڑ رہے ہیں اور وہاں خشک سالی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اس چیلنج کا ہنگامی بنیادوں پر ملکر سامناکرنے کی ضرورت ہے ڈاکٹر برفت نے کہا کہ مسائل کا سائنسی بنیادوں پر جامع حل نکالنے کے سلسلے میں جامعات کا اہم کردار ہے، جہاں تحقیق کے ذریعے اصل حقائق کا علم ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ میں انتہائی قابل جیولاجسٹ، سائنٹسٹ، اینتھروپالوجسٹ، کیمسٹ اور ہر شعبے کے ماہرین موجود ہیں، جو ان مسائل کے حل کے لیے مثبت حکمت عملی تیار کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں ان کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ حاصل کیا جا سکتا ہے اپنے خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر برفت نے امریکی اسکالر کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس قسم کے پروگرامز اور ایک دوسرے کے تعاون سے اس اہم مسئلے کو ملکر حل کرنے کی راہ نکل آئے گی قبل ازیں ڈائریکٹر سینٹر فار پیور اینڈ اپلائیڈ جیولاجی پروفیسر ڈاکٹر محمد حسن اگھیم نے اپنے استقبالیہ خطاب میں تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور لیکچر پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اس موقع پر گلوبل وارمنگ کے پاکستان پر پڑنے والے اثرات کے موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے امریکی اسکالر ڈاکٹر رابرٹ رینالڈس نے کہا کہ گلوبل وارمنگ کے کئی اسباب ہیں، جن میں کاربان ڈائی آکسائیڈ میں اضافہ، تیزی سے بڑھتی ہوئی، شور و غل اور آلودگی میں اضافہ، بارشوں میں کمی، سطح سمند میں اضافہ، جنگلات کا بڑی تعداد میں کٹ جاناوغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحول میں کاربان ڈائی آکسائیڈ سمیت دیگر خطرناک گیسز کا اضافہ ہونے کی وجہ سے جانداروں کے لیے سانس لینا مشکل ہوگیا ہے۔ درجہ حرارت کی بدلتی ہوئی صورتحال کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے کا سلسلہ بھی شدید متاثرہوا ہے انہوں نے کہا کہ دریاؤں کی بہاؤ میں آئی کمی اور سمندر میں مطلوبہ پانی نہ چھوڑنے کے وجہ سے اس کی سطح میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے ڈیلٹا پر انتہائی مضر اثرات پڑے ہیں اور کئی آبادیاں سمندری پانی کے زیر اثرات آ گئی ہیں انہوں نے کہا کہ مون سون کی بارشوں کا نظام تبدیل ہونے کے پاکستان سمیت پورے خطے پر خطرناک اثرات نظر آرہے ہیں 
سندھ حکومت ان کے ساتھ امتیازی سلوک کررہی ہے متحدہ قومی موومنٹ کا الزام 
حیدرآباد(رپورٹ*علی رضا رانا) متحدہ قومی موومنٹ نے الزام عائد کی ہے کہ سندھ حکومت ان کے ساتھ امتیازی سلوک کررہی ہے اور ترقیاتی کام انہی علاقوں میں کرائے جارہے ہیں جہاں پیپلز پارٹی کو ووٹ ملے ، حیدرآباد یونیورسٹی کے قیام کا معاملہ بھی کھٹائی میں ڈال دیا گیا ہے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے ایم کیو ایم کے اراکین قومی اسمبلی صلا ح الدین ، صابر قائم خانی ،اراکین سندھ اسمبلی راشد خلجی ، ندیم صدیقی ، ناصر قریشی اور دیگر نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی حکومت انہی علاقوں میں ترقیاتی کام کرارہی ہے جہاں انہیں ووٹ ملے ہیں جبکہ ایم کیو ایم کو نظر انداز کرتے ہوئے فنڈز بھی جاری نہیں کئے جارہے ہیں انہوں نے کہاکہ حیدرآباد یونیورسٹی کے قیام کا گذشتہ حکومت میں اعلان ہو چکا ہے لیکن اس کے قیام کا معاملہ بھی کھٹائی میں ہے غیر ضروری طور پر یونیورسٹی کے قیام میں تاخیر کی جارہی ہے انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں نکاسی و فراہمی آب کا نظام تباہ حال ہے واٹر کمیشن کے توجہ دلانے کے باوجود واسا کام نہیں کررہا ہے انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کو خود نکاسی و فراہمی کا نظام بہتر بنانا چاہیئے تھا لیکن یہ کام اعلیٰ عدالت کے حکم پر واٹر کمیشن نے کرایا ہے انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کی وہ حمایت کرتے ہیں لیکن انتظامیہ نے اس آپریشن کے حوالہ سے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا ہے اور بعض مقامات پر غیر ضروری طور پر آپریشن کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم شہریوں کی خدمت جاری رکھے گی۔
تحریک انصاف صاف و سبز پاکستان کے لیے کوشاں
حیدرآباد(بیورو رپورٹ) تحریک انصاف صاف و سبز پاکستان کے لیے کوشاں ہے وزیر اعظم عمران خان نے نامساعد حالات میں اقتدار سنبھالاہے اس کے باوجود ملک کو درست سمت میں ڈال دیا ہے ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف حیدرآباد کے رہنما جمشید علی شیخ نے کمپلین سینٹر میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہو ئے کہی انہوں نے کہاکہ مجھے این اے226پر ظاہراً شکست ہوئی ہے لیکن عوام جانتے ہیں کہ ہم کامیاب ہو ئے ہیں اور یہ کیس ابھی ٹریبونل میں ہے انہوں نے کہا کہ اختیارات نہ رکھتے ہوئے بھی میں نے عوام کے مسائل حل کرائے ہیں متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کرکے عوام کو ریلیف دلایا ہے انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے کنونشن سینٹر اسلام آباد میں خطاب کوحقائق کے مطابق قرار دیا انہوں نے کہاکہ اتنے کم وقت میں بہت کچھ کیا گیا ہے وزیر اعظم نے نامساعد حالات میں اقتدار سنبھالا ہے لیکن اس کے باوجود انہوں نے ملک کی سمت درست کی ہے معاشی دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کی جارہی ہے اور دنیا میں پاکستان کا تاثر بہتر اور مثبت بنایا جارہا ہے 
حیسکو اور وکلا ء میں تنازعہ کے خاتمہ کے لیے حیسکو نے ایکسی این قاسم آباد کو معطل کردیا
حیدرآباد(بیورو رپورٹ) حیسکو اور وکلا ء میں تنازعہ کے خاتمہ کے لیے حیسکو نے ایکسی این قاسم آباد کو معطل کردیا ، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے ایکسی این کے خلاف قرار داد پاس کی تھی گذشتہ دنوں قاسم آباد میں ایک وکیل پر بجلی چوری کا مقدمہ درج کرکے اسے حوالات میں بند کرنے کے خلاف وکلاء نے جوابی کاروائی کرتے ہو ئے حیسکو حکام کے خلاف تین مختلف مقامات پر مقدمات درج کرادیئے تھے اور اپنے وکیل ساتھی کو ضمانت پر رہا کرالیا تھا تاہم وکلا کا احتجاج جاری تھا وکلاء نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے اجلاس میں ڈیڈیکشن بلز جاری کرنے اور صارفین کی بجلی چوری کے نام پر تذلیل کرنے کے خلاف قرارداد پاس کرتے ہو ئے ایکسی این قاسم آباد ظفر سولنگی کے خلاف بھی کاروائی کرنے کی قرارداد منظور کی تھی اور اسکی کاپی وزارت توانائی کو بھیجی تھی معلوم ہوا ہے کہ حیسکو نے وکلاء سے تنازعہ ختم کرنے کے لیے ایک قدم پیچھے ہٹایا اور ایکسی این قاسم آباد ظفر سولنگی کو معطل کردیا ہے اس فیصلہ کے خلاف حیسکو قاسم آباد سب ڈویژن کے ملازمین نے احتجاج کیا ہے
حیدرآباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری 
حیدرآباد(بیورو رپورٹ)حیدرآباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے،بعض مقامات پر مزاحمت کے باوجود بلدیہ کے عملہ نے کاروائی جاری رکھی ، اینٹی انکروچمنٹ سیل نے ٹاورمارکیٹ،میانی روڈ،لجپت روڈ،کورٹ روڈ سمیت کئی علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے نالوں نالیوں پر قائم تھلے ،حدود سے باہردکانوں کی تجاوزات مسمارکردیں،نیاپل سبزی منڈی سمیت لطیف آباد کے کئی علاقوں میں عملے نے کاروائیاں کرتے ہوئے درجنوں تجاوزات تحویل میں لے لیں،کھوکھرمحلہ،گاڑی کھاتہ،قاضی عبدالقیوم روڈ،تلسی داس روڈ،پکاقلعہ کے اطراف کے علاقوں میں قابضین تجاوزات ختم کرنے کیلئے 5روز کا حتمی انتباہ جاری کردیا گیا،درگاہ محبت شاہ بخاریؒ کے اطراف 30سے زائد دکانیں اوررہائشی تعمیرات مسمار کرنے کیلئے رینجرزاورپولیس کی بھاری نفری کی مدد لینے کا فیصلہ‘ اسسٹنٹ کمشنر سٹی فراز صدیقی کی نگرانی میں بلدیہ اینٹی انکروچمنٹ سیل کے عملے نے ڈائریکٹر توحیداحمد کی سرکردگی میں مارکیٹ ٹاور،میانی روڈ،لجپت روڈ،کورٹ روڈ،گاڑی کھاتہ،رسالہ روڈ،فوجداری روڈسمیت ایک درجن سے زائد علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے نالوں ،نالیوں قائم تھلے اورحدود سے باہر تعمیر کی گئی دکانیں مسمارکردیں،جبکہ رسالہ روڈ پر ڈپٹی کمشنر کمپاؤنڈ کے ساتھ سڑک پر پارکنگ کے نام پر قائم کئے گئے ورکشاپس کو بھی ختم کرکے سڑک پر ٹریفک بحال کردیا گیا،مگر تاحال ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کئے گئے پارکنگ کے اجازت نامے کو منسوخ کرنے کے تحریری احکامات جاری نہیں کئے گئے ہیں ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی کی جانب سے اینٹی انکروچمنٹ عملے کی تین ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں ،اورتجاوزات کے خاتمے کویقینی بنانے کیلئے کسی دباؤکو قبول نہ کرنے یا مہلت نہ دینے کے سخت احکامات دئیے ہیں ،کاروائی کے دوران دکانوں کے باہر لگے درجنوں بورڈزکو بھی مسمار اکھاڑ دیاگیا ،اس موقع پر بعض مقامات پر دکانداروں کی جانب سے مہلت حاصل کرنے کیلئے سخت مزاحمت کی گئی جیسے عملے نے ناکام بناکراپنی کاروائی مکمل کی ،جبکہ میونسپل کمشنر نصراللہ عباسی اوراسسٹنٹ کمشنر سٹی فرازصدیقی نے کھوکھرمحلہ میں واقع درگاہ محبت شاہ بخاری کی چاردیواری کے ساتھ بلدیہ کی اراضی اورسڑک پر قائم 30سے زائد دکانیں اوررہائشی تعمیرات مسمار کرنے کیلئے اینٹی انکروچمنٹ سیل کو گرین سگنل دے کر آپریشن کی منصوبہ بندی کے احکامات دئیے ہیں،جبکہ کاروائی کے دوران رینجرز اورپولیس کی بھاری نفری سے بھی مددطلب کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے،تاکہ بااثرقابضین کی مزاحمت کو ناکام بناکرعدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرایاجاسکے،اینٹی انکروچمنٹ سیل کے عملے نے نیاپل سبزی منڈی روڈ سمیت لطیف آبادکے کئی علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے درجنوں تجاوزات کوتحویل میں لے لیاجبکہ کئی مقامات پر پختہ تجاوزات اورقبضے کیلئے بنائی گئیں چاردیواریاں مسما رکردیں گئیں 

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Blog