سرگودھا: (یواین پی) سرگودھا میں والدین نے جعلی عامل کے حکم پر عمل کرتے ہوئے ڈیڑھ سالہ بیٹی مبینہ طور پر قتل کر دی۔ میاں بیوی مالی حالت بدلنے کیلئے جعلی عامل کے پاس گئے تھے۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔سرگودھا میں میاں بیوی نے زمانہ جاہلیت کی تاریخ دہرا دی، والدین کو دولت کے حصول کی خواہش نے اندھا کر دیا اور اپنی سگی بیٹی کو موت کے گھاٹ اتارنے سے بھی دریغ نہیں کیا۔قتل کا یہ دلخراش واقعہ سرگودھا کے علاقے اعظم پارک میں پیش آیا جہاں میاں بیوی جعلی عامل کے پاس گئے اور دولت حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ جعلی عامل نے انھیں جو طریقہ بتایا وہ کسی بھی صاحب ضمیر شخص کیلئے قابل برداشت نہیں۔ لیکن ماں باپ کی آنکھوں پر تو لالچ کی پٹی بندھی ہوئی تھی اور انھوں نے اپنی ڈیڑھ سالہ بیٹی کو مبینہ طور پر قتل کر دیا۔پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر سنگ دل والدین کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔