ٹنڈوالہ یار(یواین پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ غیرسنجیدہ وزیر اعظم ملک نہیں سنبھال سکے گا۔ٹنڈوالہ یار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان توکہہ کرانتقامی کارروائی کررہے ہیں، عمران خان نے اپوزیشن کو جیل میں ڈالنے کی بات کی، ہم میں جیل جانے کا صبر بھی ہے اور حوصلہ بھی، کیا عمران خان جیل کی سختیاں برداشت کر سکتے ہیں؟ان کا کہنا تھا کہ جب تک جان میں جان ہے، یہ جنگیں چلتی رہیں گی،پہلے بھی بی بی کو تنگ کرنے کیلئے مجھے قیدی بنایاگیا،ہماری ہمت آزمائیں ،ہم ان کاظلم آزمائیں گے۔سابق صدر نے کہا کہ میاں صاحب نے احتساب کا قانون میرے لیے بنایا تھا اور انہیں کے گلے پڑ گیا۔پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کو نہیں بلکہ جے آئی ٹی نے مجھے اور میری بہن کو بلایا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے حالات گھمبیر ہیں،پیپلز پارٹی نے آئین کو اصل شکل میں بحال کیا۔وہ کہتے ہیں 18ویں ترمیم میں کچھ شقیں کمزورہیں ،یہ کمزور شقوں کا بہانہ بناکر18 ویں ترمیم ختم کرناچاہتے ہیں،آصف زرداری کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہزاروں دکانیں گرا کو لوگوں کو بےروزگار کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ حکومت معاملات سنبھال سکے گی۔انہو ں نے کہا کہ حکومت غیرسنجیدہ ہے،سیاسی اپروچ نہیں ،100 سال پرانی گورنر ہاؤس کی دیوار توڑنا ان کی پالیسی ہے۔