وسکانسن: (یو این پی) یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ دیرینہ زخم اور ناسور برقی سرگرمی سے جلدی ٹھیک ہو جاتے ہیں، اسی بنا پر امریکی ماہرین نے ہلکی پھلکی پٹی بنائی ہے جو برقی جھماکوں سے زخم کو تیزی سے ٹھیک کرسکتی ہے۔یونیورسٹی آف وسکانسن میڈیسن کے سائنس دانوں نے یہ باسہولت برقی ڈریسنگ بنائی ہے جو مریض کے گھومنے پھرنے سے بجلی بناتی ہے۔ جدید ڈریسنگ میں بہت باریک نینو جنریٹرز لگائے گئے ہیں اور جیسے جیسے مریض چلتا پھرتا ہے تو نینو جنریٹرز میں بجلی بنتی ہے۔ سانس لیتے ہوئے پسلیوں کے پھیلنے اور سکڑنے سے جو حرکت ہوتی ہے وہ نینو جنریٹر کے لیے بجلی کی تیاری میں بہت ہوتی ہے، اس لیے پٹی کے لیے کسی بیٹری کی ضرورت نہیں ہوتی اور بجلی کی لہروں سے دیرینہ ناسور تیزی سے مندمل ہونا شروع ہو جاتا ہے۔