اسلام آباد(یواین پی) وزیر اعظم عمران خان سے امریکی نمائندہ برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی اور صدر ٹرمپ کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائی۔وزیر اعظم نے دو طرفہ رابطوں کےساتھ ساتھ تجارت، سرمایہ کاری،تعلیم اور صحت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر زور دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دوران ملاقات وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں سیاسی حل کو ہی ترجیح سمجھا ہے، انہوں نے کہا کہ افغانستان میں مصالحت ہی امن کےلئے حل ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں خطہ میں امن کےلئے ہمیشہ کوشاں رہا ہوں، افغانستان میں قیام امن کےلئے امریکی صدر کا خط خوش آئند ہے۔زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ امریکہ افغانستان میں امن کی بحالی کےلئے پاکستان کے ساتھ ساتھ مل کر چلنا چاہتا ہے، امریکہ افغانستان میں سیاسی حل چاہتا ہے۔واضح رہے زلمے خلیل زاد پاکستان سمیت آٹھ ممالک کے دورے پر ہیں جس کے دوران وہ افغانستان، روس، ازبکستان، ترکمانستان، بیلجیئم، متحدہ عرب امارات اور قطر بھی جائیں گے۔امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے اکتوبر میں بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس دورے میں ان کی وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی تھی۔