اسلام آباد: (یواین پی) آئیسکو نے بجلی نادہندگان کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا، بقایا جات کی عدم ادائیگی پر 56 حکومتی اداروں کے کنکشن منقطع کر دئیے گئے۔ ٹی ایم اے راول ٹاؤن راولپنڈی 2 کروڑ 12 لاکھ سے زائد کا نادہندہ، چیف کمشنر آفس نے 1 کروڑ 87 لا کھ روپے ادا نہیں کیے۔ترجمان آئیسکو کے مطابق سی ڈی اے کے ذمہ بجلی بل کی مد میں 60 لاکھ 53 ہزار روپے واجب الادا ہیں۔ بقایا جات ادا نہ کرنے پر ادارے کے 10 کنکشن منقطع کر دیئے گئے ہیں۔ 40 لاکھ 46 ہزار روپے کی عدم ادائیگی پر وزارت تعلیم کے بھی 26 بجلی کنکشنز کاٹ دئیے گئے۔ایک کروڑ 87 لاکھ کی عدم ادائیگی پر چیف کمشنر آفس کے 14 کنکشن جبکہ ٹی ایم اے راول ٹاؤن کے 5 بجلی کنکشنز منقطع کیے دئیے گئے۔ ٹی ایم اے راولپنڈی کے ذمہ آئیسکو کے 2 کروڑ 12 لاکھ 78 ہزار روپے واجب الادا ہیں۔ نیشنل پولیس بیورو کی جانب سے 11 لاکھ 32 ہزار کے واجبات کی عدم ادائیگی پر 1 کنکشن منقطع کر دیا گیا ہے۔