ٹھٹھہ(رپورٹ حمید چنڈ) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ٹھٹھہ کی جانب سے ووٹ کے حق، اہمیت اور اندراج کے متعلق عوام میں آگاہی اور شعور اجاگر کرنے کے متعلق “قومی ووٹر دن” 2018ء منایا گیا۔ اس سلسلے میں آج جیمخانہ کلب مکلی میں ایک سیمینار منعقد کیا گیا جس میں محمکہ صحت، تعلیم، روینیو، لوکل گورنمنٹ، سوشل ویلفیئر، پولیس، انفارمیشن و دیگر مختلف محکموں کے افسران، این جی اوز، میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈویزنل الیکشن کمشنر ٹھٹھہ وسیم احمد جعفری نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان صرف ملک کے انتخابی نظام کو ہی مکمل نہیں کرواتی بلکہ سماجی تنظیموں، سول سوسائٹی اور میڈیا کے فورم کو استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو ووٹ کے حق، اہمیت اور ووٹ کے اندراج کے متعلق آگہی فراہم کرنے میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو انتخابی عمل کا حصہ بنانے کیلئے آگہی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ووٹر ڈے منانے کا یہی مقصد ہے کہ عوام کو ان کے ووٹ کا قدر و قیمت کا احساس دلاتے ہوئے انتخابی عمل کا حصہ بننے کے بارے میں آگاہی دیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ٹھٹھہ عبدالقادر راجپوت نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے ووٹ کا اندراج مستقل یا عارضی کسی بھی ایک پتہ پر اندراج کروائی بصورت دیگر ان کا ووٹ مستقل پتہ پر درج ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ اس بات سے بھی آگاہ رہیں کہ ان کا ووٹ کہاں درج ہے اور اس میں کوئی غلطی تو نہیں ہے اور اگر کوئی غلطی ہے تو الیکشن کمشنر کے دفتر سے درست کروائیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہری 8300 پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر بھیج کر ووٹ کے اندراج کے حوالے سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ اس سیمینار سے حاصل ہونے والی معلومات کو آگے مزید لوگوں تک بھی پہنچائیں تاکہ اس دن کو منانے کا اصل مقصد حاصل کیا جا سکے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو ٹھٹھہ اقبال احمد جھنڈان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا یہ مثبت پروگرام ہے جس سے عوام کو ووٹ کی اہمیت اور اندراج کے متعلق آگاہی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ اپنے ووٹ کا سو فیصد اندراج کروائیں اور یہ بھی ضروی ہے کہ اپنے ووٹ صحیح علاقوں میں اندراج کروائیں کیونکہ ووٹ کے ذریعے ہی ہم اپنے لیڈر اور رہنماء منتخب کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں تمام کمیونٹیز، سول سوسائٹی، این جی اوز اور میڈیا کے نمائندے بھی ضلع کے تمام علاقوں، گاؤں اور ہر شہر میں ووٹ کے متعلق آگاہی فراہم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ سیمینار سے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ٹھٹھہ محمد صدیق پلیجو، الیکشن آفیسر ٹھٹھہ دین محمد ترک، این جی او ہینڈز کے نمائندہ شوکت زنئور و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ بعد میں ڈویزنل الیکشن کمشنر ٹھٹھہ وسیم احمد جعفری اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ٹھٹھہ عبدالقادر راجپوت کی سربراہی میں جیمخانہ کلب مکلی سے پریس کلب مکلی تک واک کیا گیا تاکہ عوام میں ووٹ کے حق، اہمیت اور اندراج کے متعلق آگاہی اور شعور بیدار ہو سکے۔