لاہور(یواین پی)احتساب عدالت نے خواجہ برادران کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا عدالت نے سعد رفیق اور سلمان رفیق کو 10 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیااور ملزموں کو تمام میڈیکل سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیدیا۔تفصیلات کے مطابق پیراگون ہاﺅسنگ سکینڈل میں گرفتار خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا،نیب پراسیکیوٹر نے خواجہ برادارن کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈکی استدعاکردی۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایاکہ ملزمان نے پیراگون کی ملکیت سے متعلق جھوٹ بولاہے۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایاکہ سعدرفیق اہلیہ کے نام پرسوسائٹی بنانے جارہے تھے، سوسائٹی کی زمین سعدرفیق نے فروخت کی۔تفتیشی افسر کا کہناتھا کہ پھلروان گاؤں کے قریب پیراگون سٹی کے نام سے سوسائٹی بنائی،پیراگون سوسائٹی غیرقانونی ہے،ایل ڈی اے سے منظورنہیں،تفتیشی افسرکا کہناتھا کہ پیراگون سوسائٹی کے 90 متاثرین شکایات کی درخواستیں لے کرآئے،بلڈرزکے اکاؤنٹس سے خواجہ برادران کے اکاؤنٹ میں اربوں کی ٹرانزیکشن ہوئی۔تفتیشی افسر نے بتایا کہ 6 مارچ 2018 کوتفتیش شروع ہوئی،تفتیش دوران قیصرامین بٹ نیب میں پیش نہیں ہوئے۔خواجہ برادران کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی،عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے خواجہ برادران کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا، عدالت نے ملزموں کو دوبارہ 22 دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دیدیااور ملزموں کو میڈیکل سہولیات فراہم کا بھی حکم دیدیا۔