نئی دہلی: (یواین پی) ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملنے پر بھارت نے اعتراض اٹھا دیا، بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے ایشیا کپ کی جگہ تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستان دشمنی میں اندھا بھارت، کھیلوں کا بھی دشمن بن گیا، ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملنے پر اعتراض اٹھا دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ڈھاکا میں ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ کے دوران بھارت نے پاکستان کو پیغام پہنچایا ہے کہ وہ ستمبر دو ہزار بیس میں ہونے والے ایشیا کپ کیلئے میچز کی جگہ تبدیل کرے۔بھارتی اخبار کے مطابق بھارت کا کہنا ہے کہ پاکستان اس کے میچ کو ملک سے باہر کھیلنے کا اہتمام کرے۔ بھارتی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ دو ہزار بیس ایشیا کپ کا میزبان کوئی خلیجی ملک ہو سکتا ہے۔اس سے پہلے بھی سیکیورٹی رسک کا بہانہ بنا کر بھارت نے لاہور میں ہونے والی ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ اجلاس میں اپنا نمائندہ بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔