حیدر آباد(رپورٹ*جنید علی گوندل)سابق صدراور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ جس کی نوکری کا دورانیہ تین سال ہو اسے قوم کے فیصلے کرنے کا کیا حق ہے۔حیدرآباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ گھر دینے کے وعدے کرنے والوں نے کراچی میں تجاوزات کے نام پر5 لاکھ لوگوں کو روزگار سے محروم کردیا، یہ لوگ لائے گئے ہیں ان سے کوئی کام نہیں ہوسکتا، انہیں مرغی انڈے کے علاوہ کوئی کام نہیں آتا۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی حکمران عوام کے مسائل نہیں سمجھ سکتے، میں غریب عوام کی تکلیف محسوس کرتا ہوں، ملک میں غیر ملکیوں کے بجائے مقامی سرمایہ کاروں کو مواقع فراہم کرنے چاہئیں، بیرونی سرمایہ کار ایک ڈالر لگا کر 10 ڈالر لے جاتا ہے۔سابق صدر نے کہا کہ مجھے کرکٹ کھیلنا نہیں آتا مگر سیاست کرسکتا ہوں، ہم نے اپنے پہلے 100 دنوں میں سوات کو دہشت گردوں سے آزاد کروایا، ہم نے آتے ہی مشرف کی چھٹی کرادی، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا سہرا بھی پیپلزپارٹی کو جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کو پینے کا پانی فراہم کرناہماری اولین ترجیح ہے، ہمیں اپنے مستقبل کے لئے آج کام کرنا ہے، پانی کے حصول کے لیے نئے طریقے اختیار کرناہوں گے، پورے سندھ میں پانی کی بڑی کمی ہے ، سندھو دریا کو ہم نے سنبھالنا ہے۔
ملک کی ترقی کیلئے تعلیم یافتہ اور بلند اخلاق کے حامل نوجوان نا گزیر ہیں‘مراد علی شاہ
حیدرآباد( رپورٹ*علی رضا رانا)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کیلئے تعلیم یافتہ اور بلند اخلاق کے حامل نوجوان نا گزیر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اچھے تعلیمی ادارے ملک کی ترقی میں عام کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کیڈٹ کالج پٹارو جیسے تعلیمی اداروں کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج کیڈٹ کالج پٹار و میں کالج کے 57ویں یوم والدین کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم صوبے میں معیاری اور سستی تعلیم کیلئے کوشاں ہیں اور موجودہ تعلیمی نظام میں کمی اور خامیوں کو دور کرنے کیلئے حکومت سندھ خطیر رقم خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کا مستقبل ہو اور آپ کا صرف اور صرف ایک ہی مشن ہونا چاہیے کہ آپ اچھی تعلیم حاصل کر کے اپنے ملک کی خدمت کریں ۔انہوں نے اس موقع پرپوری دنیا میں کمپیوٹرکے سبجیکٹ میں اول آنے والے کیڈٹ اظہر جان کو ایک لاکھ روپے نقد دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اسٹک آف آنر جیتنے والے سابق کیڈٹ اذہان اور کیڈٹ عبدالسلام کو بیسٹ اکیڈمکس ایوارڈز جیتنے پر مبارکباد دی ۔ اس کے علاوہ انہوں نے بیج آف آنر جیتنے والے کیڈٹس کو بھی مبارکباد دی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کیڈٹ کالج پٹارو کے پرنسپل اور اساتذہ کی معیاری تعلیم کی فراہمی کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کالج کے پرنسپل کو یقین دلایا کہ حکومت سندھ کی جانب سے کالج کی ہر ممکن مدد اور تعاون جاری رہے گا۔ قبل ازیں کیڈٹ کالج پٹارو کے پرنسپل کموڈورمحبوب الہی ملک نے اپنے خطاب میں پٹارو کالج کے کیڈٹس کی کارکردگی پر روشنی ڈالی ۔تقریب میں کیڈٹس نے مارچ پاسٹ ، پی ٹی ، چائنیز کلچر ، کراٹے اور گھڑ سواری کا مظاہرہ کیا ۔تقریب میں کیڈٹس کے بنائے ہوئے فن پاروں کی بھی نمائش کی گئی ۔تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی ملک اسد سکندر ،کمانڈر کراچی اور چیئر مین بورڈ آف گورنرز کیڈٹ کالج پٹار وریئر ایڈمرل آصف خالق ،وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی فتح محمد برفت ، ڈویزنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ ، ڈی آئی جی حیدرآباد نعیم احمد شیخ ، ڈی سی جامشورو کیپٹن ( ر) فرید الدین مصطفی اور ایس ایس پی جامشورو توقیر نعیم کے علاوہ دیگر نے بھی شرکت کی۔ بعد ازاں میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ چینی حکومت سے ملکر ہم سوشیو اکنامک ڈیولپمنٹ پر توجہ دے رہے ہیں اس کے علاوہ تعلیم و صحت کے شعبوں کی بہتری کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ گیس کی بندش کے متعلق سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبہ سندھ 70فیصد گیس پیدا کرتا ہے اور ہمارے آئین کے مطابق جس صوبے میں گیس پیدا ہوتی ہے تو پہلا حق بھی اس ہی کا ہے اور کل وفاقی وزیر پیٹرولیم آئے تھے اور ہم نے انکے سامنے اپنے تحفظات پیش کیے اور انہوں نے ہم سے وعدہ کیا کہ آئین پر عملدرآمد کیا جائیگا اور ہمیں امید ہے کہ وہ ضرور مسئلے کا حل نکالیں گے۔ پنجاب میں کچھ اہم سیاسی رہنماؤں کی گرفتاری سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ قانون کے تقاضے پورے کیے جانے چاہیں اور یہ تاثر نہیں جانا چاہیے کہ سیاسی انتقامی کاروائی ہو رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج پٹارو کی خدمات قابل تعریف ہیں اور یہاں سے سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے بھی تعلیم حاصل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج پٹارو کا بجٹ 50ملین سے بڑھا کر 75ملین کیا جا رہا ہے جسے آئندہ سال 100ملین کیا جائیگا ۔
جھوٹے الزامات لگاکر ٹرانسفر ، شوکاز اور تنزلی جیسے اقدامات کرکے ملازمین کو پریشان ، ہراساں کیاجارہا ہے ‘ارشد رضا تقوی
حیدرآباد(بیورورپورٹ)زونل چیئرمین ارشد رضا تقوی کی پھلیلی ڈویژن سے بدلی کے خلاف تمام ملازمین کی لیبر ھال آمد احکامات منسوخ نہ ہوئے تو ملازمین احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں جسکی ذمہ دار حیسکو انتظامیہ ہوگی ملازمین دن رات بجلی چوری کے خلاف جان ہتھیلی پر رکھ کر جہاد کر رہے ہیں مگر اسکے باوجود بھی یونین نمائندگان اور ملازمین پر حیسکو انتظامیہ کا روئیہ ظالمانہ اور غیر ذمہ دارانہ ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے زونل چیئرمین آپریشن حیسکو ارشد رضا تقوی کی قیادت میں آئے پھلیلی ڈویژن کے عہدیداران کے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبداللطیف نظامانی نے مزید کہا کہ ہمارے ملازمین شبانہ روز بجلی چوری کے خاتمے ، ریکوری ، لائن لاسسز میں کمی اور ادارے کی ترقی کیلئے مصروف عمل ہیں اور اپنی جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کر بجلی چوروں سے نبر آزما ہیں مگر اسکے باوجود بھی انکو سراہنا تو درکنار الٹا ملازمین کے گرد زمین تنگ کی جارہی ہے اور جھوٹے الزامات لگاکر ٹرانسفر ، شوکاز اور تنزلی جیسے اقدامات کرکے ملازمین کو پریشان ، ہراساں کیاجارہا ہے جسکے باعث ملازمین نہ صرف عدم تحفظ کا شکارہورہے ہیں اور چوری کے خلاف جاری آپریشن بھی متاثر ہورہا ہے جو کسی طور بھی ادارے کی بہتری کیلئے ہر گز ہرگز نہیں ہے اگر ان حالات کا تسلسل جاری رکھا تو یونین اپنے ملازمین کو تحفظ دینے کیلئے سخت احتجاج پر مجبور ہوگی اور دفتری کام بند کرکے اسوقت احتجاج تک جاری رکھے گی تاوقیکہ کہ ہمارے عہدیداران اور ملازمین کے جبری طور کئے احکامات منسوخ نہ کردیئے جائیں۔
پی ایس پی ختم ہونے کے نہیں بنی‘ شبیر قائم خانی
حیدرآباد(بیورورپورٹ)پاک سرزمین پارٹی سندھ کونسل کے صدر شبیر قائم خانی نے کامیاب ورکرز کنونشن کے انعقاد پر ڈویژن و ڈسٹرکٹ کمیٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کا قیام سندھ کے عوام کیلئے نعمت ہے ، سید مصطفی کمال و انیس قائم خانی نے ظلم و جبرکے ماحول میں آواز حق بلند کی اور پی ایس پی کے قیام کے بعد آج سندھ کے سیاسی ماحول میں واضع تبدیلی نظر آتی ہے حالیہ انتخابات اسکی واضع مثال ہیں کہ تمام پارٹیوں نے اپنی اپنی مہم پرُ امن ماحول میں چلائی انتخابات کے نتائج پر گفتگو ہوسکتی ہے لیکن پی ایس پی چاہتی ہے کہ جسے جیسا مینڈیٹ ملا ہے وہ عوام کے مسائل کو حل کریں لیکن عوام کے مسائل میں اضافہ کیا جارہا ہے ایک طرف ان کی چھتیں جارہی ہیں دوسری طرف بجلی لوڈشیڈنگ، گیس لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کے طوفان کے ذریعے عوام کا جینا محال کردیا ہے صحت و صفائی ٹوٹے پھوٹے روڈز عوام کا مقدر بنادیا گیا ہے حالیہ کامیاب ورکرز کنونشن کے بعد جلد حیدرآباد میں تنظیمی سیٹ اپ کا اعلان کیا جائے گا ، ورکرز کنونشن میں نئے ورکرز کی آمد خوش آئند ہے انہوں نے اس موقعہ پر سندھ کونسل کے ذمہ داران کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے ساتھ ملکر ورکرز کنونشن کو کامیاب بنایا اور حیدرآباد پی ایس پی کے شعبہ جات پاکستان لائرز فورم ، شعبہ خواتین، لیبر ونگ ، یوتھ ونگ، ایلڈرز ونگ ، اسٹوڈینس فیڈریشن کے ذمہ داران کی کارکردگی کو بھی سرایا۔