سنچورین ٹیسٹ: جنوبی افریقا کے 5 وکٹ پر 127 رنز

Published on December 27, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 467)      No Comments

سنچورین: (یواین پی)‌ جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم 181 رنز پر پویلین لوٹ گئی، جواب میں پہلے دن کے اختتام تک میزبان ٹیم نے 5 وکٹ کے نقصان پر 127 رنز بنالیے ہیں۔ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان اسپورٹس پارک سنچورین میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناکام ہوگئی اور پوری ٹیم 181 رنز پر پویلن لوٹ گئی جس کے جواب میں میزبان ٹیم نے 5 وکٹ پر 127 رنز بنالیے ہیں اور یوں انہیں پاکستان کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 54 رنز بنانے ہوں گے۔ایڈن مرکرم اور ڈین ایلگر نے اننگز کا آغاز کیا ، حسن علی نے 19 رنز کے مجموعی اسکور پر ایڈن کو 12 رنز پر پویلین واپس بھیجاجس کے بعد ہاشم آملہ بیٹنگ کے لیے آئے لیکن محمد عامر نے انہیں 8 رنز پر ہی آؤٹ کردیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے ایلگر کو 22 رنز پر شکار کیا اور اگلی ہی گیند پر کپتان فاف ڈپلسی کو کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس بھیج دیا۔اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔جنوبی افریقا کی باؤنسی پچ پر قومی ٹیم کے بلے باز پروٹیز فاسٹ بولر کے سامنے گھبرائے ہوئے دکھائی دیے اور کوئی بیٹسمین پراعتماد انداز سے زیادہ دیر کریز پر کھڑا نہ رہ سکا۔کپتان سرفراز احمد اور اوپننگ باز امام الحق بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ اظہر علی 36، فخر زمان 12، شان مسعود 19، اسد شفیق 7، یاسر شاہ 4 اور محمد عامر ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ نویں وکٹ کی شراکت میں بابر اعظم اور حسن علی نے جنوبی افریقی بولرز کے سامنے مزاحمت کی اور 67 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 178 کے مجموعی اسکو پر بابر اعظم 71 رنز بناکر ربادا کا شکار بنے۔پاکستانی کی آخری وکٹ 181 رنز پر گری اور شاہین آفریدی بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں بابراعظم 71، اظہر علی 36 اور حسن علی 21 رنزبناکر نمایاں رہے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیان اولیور نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6، کگیسو رابادا نے 3 اور ڈیل اسٹین نے ایک وکٹ حاصل کی۔قومی ٹیم میں حارث سہیل کی جگہ شان مسعود کو شامل کیا گیا ہے، پاکستان ٹیم کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، شان مسعود، اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم، محمد عامر، حسن علی، یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔میزبان ٹیم پاکستان کے خلاف 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اتری ہے، پروٹیز ٹیم ایڈن مرکرم، ڈین ایلگر، کپتان فاف ڈوپلیسی، ہاشم آملہ، ڈی بریون، ٹیمبا باووما، کوائنٹن ڈی کوک، کیشو مہاراج، کگیسو رابادا، ڈیل اسٹین اور ڈین اولیور پر مشتمل ہے۔پاکستان ٹیم اب تک جنوبی افریقا میں کوئی ٹیسٹ سیریز اپنے نام نہیں کرسکی اور گزشتہ 10 سال کے دوران پاکستان نے پروٹیز سرزمین پر کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Themes