لاہور: (یواین پی) کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف کو قیدی نمبر الاٹ کر دیا گیا، ڈاکٹرز نے طبی معائنہ بھی کیا جبکہ اہل خانہ کو کل ملاقات کی اجازت دیدی گئی۔اڈیالہ سے کوٹ لکھپت جیل منتقلی کے بعد اب سابق وزیراعظم کو قیدی نمبر الاٹ کر دیا گیا ہے، انھیں 4470 نمبر ملا ہے، جیل کے ایڈمیشن رجسٹرڈ نمبر پانچ میں نمبر درج کر لیا گیا ہے، سابق وزیراعظم جب تک جیل میں رہیں گے ان کی شناخت اسی نمبر سے ہوگی۔جیل میں نواز شریف کا ایک مرتبہ پھر طبی معائنہ کیا گیا۔ سروسز ہسپتال کے ڈاکٹرز کی ٹیم نے سابق وزیراعظم کا بلڈ پریشر چیک کیا اور شوگر سمیت دیگر ٹیسٹ لئے۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کو گھر سے آنے والے ادویات جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب نواز شریف کے لئے جیل میں ملاقات کا دن بھی مختص کر دیا گیا ہے۔سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صرف جمعرات کو ہی نواز شریف کی ان کے گھر والوں سے ملاقات کرائی جائے گی جس کا وقت صبح ایک بجے سے دوپہر ڈھائی بجے تک مقرر ہے۔