نوڈیرو (یواین پی)سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حال ہی میں لاڈلے کے پھٹے ہوئے ڈھولوں نے پھر للکارا ہے،میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم ان کے بنائے ہوئے ہتھکنڈوں سے نہیں ڈرتے،یہ جتنے بھی ہیں سب کا پیپلز پارٹی اکیلے سامنا کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم جمہوری طریقے سے مقابلہ کر کے دوبارہ الیکشن جیتیں گے ،باپ بیٹے دونوں کھڑے ہیں جس طریقے سے کہیں گے ہم ان کامقابلہ کریں گے ،ان کا عدالتوں میں بھی مقابلہ کریں گے جہاں یہ آئیں گے مقابلہ کریں گے۔گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر منعقد جلسے میں انہوں نے کہا کہ انہیں کام کرنا نہیں آتا ،سو دن میں انہوں نے کچھ نہیں کیا اور کہتے ہیں کہ سو دن میں کچھ نہیں ہو سکتا ،جنہیں کام کرنا آتا ہے وہ پہلے سو دن میں بھی کام کرتے ہیں ،میں نے اپنی حکومت کے پہلے سو دن میں ہم نے کارڈ دیا آئین میں ترمیم پر کام کیا ،سو دن میں مشرف کو نکالا ۔سابق صدر نے کہا کہ انہیں سوائے ٹی وی پر بکواس کرنے کے کچھ نہیں آتا ،ہم ان کے ہتھکنڈوں سے نہیں ڈرتے ،ان کا پہلے بھی مقابلہ کیا اور اب بھی کریں گے ،میرے جیالوں کی اتنی ہمت ہے کہ ہم ان کا مقابلہ کیں ۔ان کاکہنا تھاکہ اس حکومت کو دنیا کے دوستوں سے بڑی مدد ملی ،امداد کے باوجود ان سے ملک چلا یا نہیں جا سکا ،یہ حکومت نہیں چل سکتی ،دو بارہ الیکشن ہم جیتیں گے ۔