لاہور (یواین پی) سوشل میڈیا پر نوجوان مختلف حرکتیں کرکے لوگوں کیلئے ہنسی کا سامان مہیا کرتے ہیں لیکن لاہور کے ایک نوجوان پرینک سٹار کو یہ کوشش مہنگی پڑ گئی۔ رانا زوہیر نامی نوجوان بھوت بن کر لوگوں کو ڈرانے کا پرینک کر رہا تھا کہ اسی دوران ایک شخص نے اسے گولی مار کر قتل کردیا۔رانا زوہیر اپنے دوستوں عبدالصبور اور حسنات علی کے ساتھ مل کر مختلف قسم کے پرانک کرکے یوٹیوب پر اپ لوڈ کرتا تھا۔ انہوں نے لاہوری وائنز کے نام سے یوٹیوب چینل بنا رکھا تھا اور اسی چینل کیلئے ایک ویڈیو بناتے ہوئے زوہیر جان کی بازی ہار گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ زوہیر بھوت بن کر لوگوں کو ڈرانے کا پرینک کر رہا تھا کہ اسی دوران ان کا ایک فیملی کے ساتھ جھگڑا ہوگیا۔ ابھی بحث و مباحثہ چل رہا تھا کہ قریب کھڑے ایک شخص نے تینوں دوستوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں رانا زوہیر جاں بحق ہوگیا۔واقعہ لاہور کے علاقے لٹن روڈ کے قریب ایک پارک میں پیش آیا ۔ فائرنگ کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور رانا زوہیر کے دوسرے دونوں ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیا۔