گھوٹکی: (یواین پی) گھوٹکی کے نواحی گاؤں میں مبینہ جرگہ بلا کر دو بچیوں کو ونی اور سات لاکھ جرمانے کا حکم سنا دیا گیا، متاثرہ خاندان وڈیرے کیخلاف گھوٹکی پریس کلب پہنچ گیا۔غیر قانونی جرگہ کے متاثرہ خاندان نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ برادری کے بااثر لوگوں نے اس کے کمسن بھائی ذوالفقار پر سیاہ کاری کا جھوٹا الزام عائد کیا تھا جس پر برادری کے وڈیرے نے غیر قانونی طور پر برادری کے لوگوں کے ساتھ جرگہ کرتے ہوئے ان کی دو کمسن بہنیں سات سالہ صائمہ اور 8 سالہ رابیل کے رشتے ونی کے طور پر اور سات لاکھ روپے جرمانہ دینے کا حکم دیا۔متاثرہ خاندان کا کہنا تھا کہ وڈیرے کے کیے گئے غیر قانونی جرگہ کو وہ نہیں مانتے، ان کے خلاف عدالت جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جرگہ کا حکم نہ ماننے پر وڈیرے اور دیگر بااثر لوگوں نے گاؤں سے بیدخل اور قتل کرنے کی دھمکیاں دی ہیں۔جرگہ کے متاثرہ خاندان نے چیف جسٹس سپریم کورٹ اور حکومت سے جرگہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔