لاہور: (یواین پی) ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گل نے سابق وزیراعظم کی ذاتی معالج سے ملاقات کے معاملہ پر مریم نواز کے الزمات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے جیل حکام سے چیک اپ کی اجازت مانگی، جس پر انہیں کل آنے کی اجازت دے دی گئی۔ترجمان وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ جیل کے ڈاکٹر نے نواز شریف کا چیک اپ بھی کیا، یہ کہنا کہ ڈاکٹر عدنان کو روکا گیا یا اجازت نہیں دی گئی ،ہمدردی حاصل کرنے کے سوا اور کچھ نہیں۔یاد رہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام کے ذریعے مریم نواز نے کہا کہ ان کے والد میاں نواز شریف کے بازو میں درد کی شکایت ہے جو انجائنا ہو سکتی ہے لیکن اس کے باوجود انھیں اپنے ذاتی معالج سے ملنے نہیں دیا گیا۔