جوہانسبرگ: (یواین پی) جنوبی افریقا کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو صرف 165 رنز کا ہدف دیا تھا جو پاکستانی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ پاکستان نے اکتیس اعشاریہ تین اوور میں 168 رنز بنائے۔سرفراز احمد پر چار میچوں کی پابندی کے بعد ٹیم کی کپتانی شعیب ملک نے کی اور ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ شعیب ملک کا یہ فیصلہ انتہائی سود مند ثابت ہوا۔ پاکستانی گیند بازوں نے کسی جنوبی افریقی کھلاڑی کو جم کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ پروٹیز کی جانب سے صرف ہاشم آملہ 59 اور کپتان ڈوپلیسی 57 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔پاکستان کی جانب سے عثمان شنوار کامیاب گیند باز رہے جنہوں نے 7 اوورز میں 35 رنز دے کر پروٹیز کے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دیگر باؤلرز میں شاہین آفریدی اور شاداب خان نے دو، دو جبکہ عماد وسیم اور محمد عامر نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔ یوں جنوبی افریقا کی پوری ٹیم اکتالیس اوورز میں صرف 164 رنز بنا کر واپس لوٹ گئی۔ہدف کے تعاقب میں امام الحق اور فخر زمان میدان میں اترے دونوں بلے بازوں نے جم کر بلے بازی کی اور ٹیم کے سکور کو آگے جس سے پاکستان کی جیت کی راہ ہموار ہوئی۔ امام الحق نے 71 جبکہ فخر زمان نے 44 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔بابر زمان نے بھی شائقین کرکٹ کو اپنی بلے بازی سے خوب محظوظ کیا، انہوں نے 41 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ خیال رہے کہ سرفراز احمد پر پابندی کی وجہ سے محمد رضوان اس میچ میں بطور وکٹ کیپر کھیلے۔جوہانسبرگ ون ڈے میچ جیتنے کے بعد پاکستان نے سیریز 2، 2 سے برابر کر لی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا جس کے بعد ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت جنوبی افریقا 13 رنز سے میچ جیت کر سیریز میں سبقت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔