کیپ ٹاﺅن(یواین پی) پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پانچواں اور فیصلہ کن میچ آج کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین ون ڈے سیریز میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی میں عدم تسلسل نے کسی ایک کوبھی واضح برتری حاصل کرنے کا موقع نہیں دیا، پورٹ الزبتھ میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں گرین شرٹس سے 5 وکٹ سے فتح حاصل کی، ڈربن میں پروٹیز اسی مارجن سے سرخرو ہوئے۔سنچورین میں پاکستان نے 300 سے زائد رنز بنائے لیکن ڈک ورتھ لوئس میتھڈ پر 13 رنز سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، جوہانسبرگ میں چوتھے ون ڈے سے قبل سرفراز احمد کے 4میچز کیلیے معطل ہونے کے بعد پاکستان ٹیم شعیب ملک کی قیادت میں کھیلی اور یکطرفہ مقابلے میں 8 وکٹوں سے کامیابی کے ساتھ سیریز 2-2سے برابر کردی، آج دونوں ٹیمیں کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے پانچویں، آخری اور فیصلہ کن میچ میں مد مقابل ہوں گی، قیادت ایک بار پھر شعیب ملک کے سپرد ہو گی۔