اسلام آباد(یواین پی) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نئی ویزہ پالیسی میں نرمی کی منظوری دےدی، ابتدا میں 60 ممالک کوارائیول، آن انٹری ویزہ ملے گا۔تفصیلات کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے۔اجلاس میں وفاقی کابینہ کوپاکستانی ویزا پالیسی میں نرمی سے متعلق سیکرٹری داخلہ نے بریفنگ دی، قومی ویزا پالیسی میں نرمی کے فیصلے پرکابینہ نے اطمینان کا اظہارکیا۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے نئی ویزہ پالیسی میں نرمی کی منظوری دے دی، ابتدا میں 60 ممالک کوارائیول، آن انٹری ویزہ ملے گا۔ وفاقی کابینہ کو بریفنگ کے دوران سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ 190 سے زائد ممالک کے لیے ویزا شرائط نرم کر رہے ہیں، پالیسی کا جلد اعلان ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرملائیشیا کانام بھی نرم ویزا پالیسی میں شامل کردیا گیا۔وزیراعظم کے مشیرعشرت حسین ادارہ جاتی اصلاحات پرکابینہ کورپورٹ پیش کریں گے، قومی انسداد منشیات پالیسی 2018 کابینہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔حج پالیسی پلان 2019 بھی وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا، کابینہ کوغیرفعال سرکاری اداروں پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔اجلاس میں وزیراعظم یوتھ ٹریننگ سکیم کے لیے تکنیکی اضافی گرانٹ کی منظوری شامل ہے، چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی کے تقرر کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہے۔وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں کراچی انفرا اسٹرکچرکمپنی کی مواصلات سے کابینہ ڈویڑن کومنتقلی اورپاک لیبیا ہولڈنگ کمپنی اورنیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ کے ایم ڈیزکی تقرری شامل ہے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ڈپٹی گورنراٹیٹ بینک جمیل احمد کے تقررکے لیے قواعد کی منظوری دی جائے گی۔اجلاس میں سول ڈیفنس کے لیے 31.44 ملین کی اضافی گرانٹ کی منظوری اور مختلف ممالک کے ساتھ معاہدوں اورمفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دی جائے گی۔