گیارہ سیریز سے ناقابل شکست شاہین جوہانسبرگ میں ہار گئے

Published on February 4, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 381)      No Comments

جوہانسبرگ: (یواین پی) پاکستان کا مسلسل 12ویں سیریز جیتنے کا خواب چکنا چور ہو گیا۔ دوسرے ٹی 20 میں جنوبی افریقا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو سات رنز سے شکست دے کر فتح اپنے نام کی۔ پاکستانی ٹیم 189 رنز کے تعاقب میں 181 رنز ہی بنا سکی۔بارش کے باعث کھیل آدھا گھنٹہ رکا رہا لیکن اوورز میں کمی نہیں کی گئی۔ جنوبی افریقا نے مقررہ بیس اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے تھے۔جوہانسبرگ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ اس میچ میں پاکستان کی جانب سے کپتانی کے فرائض شعیب ملک نے انجام دیے جبکہ جنوبی افریقا نے فاف ڈوپلیسز کی جگہ ڈیوڈ ملر کو کپتان نامزد کیا۔جنوبی افریقہ کی طرف سے ریزا ہینڈریکس اور پہلا بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے والے جی مان میلان نے بڑے جارحانہ انداز میں میچ کا آغاز کیا اور پہلے چھ اوور میچ 44 رنز بنائے۔ انہوں نے پہلے چھ اووروں میں چار چوکے اور دو چھکے لگائے۔پہلی وکٹ جی مان میلان کی گری جنہوں نے 31 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔ ہینڈریکس آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے جو رن آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ڈیوڈ ملر کھیلنے آئے اور انھوں نے پندرہویں اوور میں عثمان شنواری کو لگاتار دو گیندوں پر دو چوکے لگائے۔ ڈیوڈ ملر نے 65 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔شاہین شاہ آفریدی نے ریزی وینڈر ڈوسین کو آؤٹ کیا۔ وہ ایک اونچا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آوٹ ہوئے۔ ان کا کیچ عماد وسیم نے لیا۔ ڈوسین نے 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی17ویں اوور میں میچ بارش کے باعث روکنا پڑا جو تقریباً آدھا گھنٹہ رکا رہا لیکن بارش تھمنے کے بعد میچ کا دوبارہ آغاز کیا گیا اور یوں پروٹیز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے بابر اعظم اور فخر زمان میدان میں اترے۔ بابر اعظم کی جانب سے اس میچ میں بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا گیا۔ انہوں نے صرف 58 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکے اور 13 چوکوں کی مدد سے 90 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے نمایاں کارکردگی دکھانے والے دوسرے بلے باز حسن طلعت تھے جنہوں نے سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 55 رنز بنائے۔ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ کوئی اور بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔ فخر زمان 14، آصف علی 2، شعیب ملک 6، عماد وسیم 6 اور حسین علی صرف ایک رنز ہی بنا سکے۔یاد رہے کہ کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دی تھی، پاکستانی ٹیم کو 192 رنز کا ہدف ملا لیکن مقررہ بیس اوورز میں وہ 9 وکٹوں پر 186 رنز بنا سکی۔ تین میچوں کی سیریز کو بچانے کیلئے پاکستان کو یہ میچ جیتنا ضروری تھا۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ ہم اس میچ کو جیت کر سیریز برابر کرنے کی کوشش کریں گے جبکہ ڈیوڈ ملر کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے باؤلنگ کا ہی فیصلہ کرتے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Premium WordPress Themes