دبئی(یواین پی ) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 22 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 6وکٹوں سے شکست دے دی ۔دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز عمر صدیق اور جیمز ونس نے کیا لیکن دوسرے ہی اوور میں وینس 9 رنز بناکر آوٹ ہوئے جس کے بعد جانسن چارلس نے عمر صدیق کے ساتھ مل کر 50 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم 62 کے مجموعی اسکور پر عمر صدیق 14 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان شعیب ملک نے وکٹیں گنوانے کے باوجود ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی تاہم وہ ناکام رہے اور پوری ٹیم 121 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔سلطانز کی جانب سے جانسن چارلس 46، شعیب ملک 21 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ ملتان الیون کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سہیل تنویر اور براوو نے 3، 3 جب کہ محمد نواز نے 2 اور محمد حسنین نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔