مظفر گڑھ ۔۔۔ ڈی سی او مظفرگڑھ فراست اقبال نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کی مہم ایک قومی مہم ہے جس کی کامیابی کیلئے نہ صرف سرکاری محکموں کو بلکہ قوم کے ہر فرد کو حصہ لینا ہوگا،پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ تمام متعلقہ محکمے آپس میں رابطے کو مضبوط بنائیں۔ یہ بات انہوں نے پولیو کے خاتمے کی مہم کے سلسلہ میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ پولیس پولیو کے خاتمہ کیلئے بنائی گئی ٹیموں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرے، محکمہ تعلیم کے اساتذہ اس قومی مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے محکمہ صحت کی بھر پور معاونت کریں، انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کی کاوشوں سے ضلع مظفرگڑھ اب تک پولیو سے محفوظ ہے تاہم ابھی مزید محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہر مہم میں5سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں۔قبل ازیں ای ڈی او صحت ڈاکٹر اطہر اقبال نے بتایا کہ صوبہ پنجاب میں اب تک پولیو کو کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے تاہم صوبہ کے پی کے میں11پولیو کے کیس رجسٹرڈ ہوچکے ہیں لہذا ہمیں مزید محنت کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ 24سے 26فرور ی تک اس 3روزہ مہم کے دوران ضلع کے 5سال تک کی عمر کے 8لاکھ6ہزار324بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے جس کیلئے ضلع بھر میں 1705ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 3301افراد شامل ہیں، اس کے علاوہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں معمول کی ویکس نیشن جاری ہے۔ اجلاس میں ای ڈی او تعلیم غلام نازک شہزاد، ای ڈی او زراعت میاں عابد حسین، ای ڈی او ورکس مسعود بخاری، ڈی او صحت ڈاکٹر مشتاق رسول ، ڈی او سی او محمد جمیل ہاشمی ، ڈاکٹر شعیب، سلطان احمد ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندہ ڈاکٹر نوید، مولانا حافظ محمدزبیر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔