لاہور: (یواین پی) پاکستان مسلم لیگ (ن ) کی مرکزی رہنما مریم نواز نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف ملاقات پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ میں بلاول بھٹو کی بہت شکر گزار ہوں، ان کی فکر مندانہ اور مدبرانہ سوچ قابل قدر ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ بلاول بھٹوکی نوازشریف کے لیے نیک خواہشات پر ان کیلئے دعاگوہوں ،اللہ آپ کو سلامت رکھے۔نوازشریف سے ملاقات کے بعد بلاول نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف سے ملاقات کا کوئی سیاسی مقصد نہیں تھا، صرف ان کی طبیعت دریافت کی۔ نوازشریف کافی بیمار لگ رہے تھے اس کے باوجود وہ کوئی سمجھوتہ کرتے نظر نہیں آتے۔ نہیں لگتا کوئی ڈیل ہو رہی ہے، ایسی باتیں سازش ہیں، میاں صاحب اپنے اصولوں پر قائم ہیں۔ نوازشریف کہتے ہیں نظریاتی ہوں، وہ نظریاتی سیاست کریں گے۔بلاول نے مزید کہا کہ یہ بات انتہائی افسوس ناک ہے کہ 3 بار وزیراعظم رہنے والا شخص قید کی سزا کاٹ رہا ہے، آج میرا کوٹ لکھپت جیل میں آنا تاریخی مرحلہ ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو بھی اسی جیل میں رہے، میرے والد آصف زرداری نے بھی یہاں قید کاٹی۔