اسلام آباد (یواین پی) وفاقی حکومت نے گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ گھریلو صارفین کیلئے بنائی گئی 4 سلیبز کا جائزہ لے کر ان کے از سر نو نرخ مقرر کیے جائیں گے۔انگریزی اخبار بزنس ریکارڈر نے وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل کے قریبی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ 27 فروری کو اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ کی کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں کیا گیا جبکہ 7 مارچ کو کابینہ نے اس فیصلے کی توثیق کی تھی ۔گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ ایک انکوائری رپورٹ کے بعد کیا گیا جس میں بتایا گیا تھا کہ کس طرح گیس کی کھپت میں اضافے کے باوجود گیس بل انتہائی کم تھے۔ گیس کی 3 سلیبز میں شامل صارفین نے گیس کا استعمال زیادہ کیا لیکن ان کے بل کم آئے جس کے باعث چوتھی سلیب کے صارفین پر گیس بلوں کا پریشر بڑھ گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق انکوائری کرکے گیس کے زائد بلوں کے ذمہ دار حکام کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔