فیصل آباد ( یواین پی)عاشق رسول ﷺ،مرشد اکمل صوفی مسعوداحمدصدیقی لاثانی سرکار کی زیر صدارت مرکزی سیکرٹریٹ پر عظیم الشان محفل پاک بسلسلہ ’’امام العاشقین حضورسیدنا صدیق اکبرؓ ‘‘کاانعقاد ہوا۔مرکزی میڈیا ترجمان کیمطابق اندرون وبیرون ممالک لاکھوں مردوخواتین نے اپنے گھروں،گلی محلوں اورحلقہ جات میں ’’شان سیدنا صدیق اکبرؓ ‘‘کے سلسلے میں محافل ذکرونعت ومناقب کااہتمام تاحال جاری وساری ہے۔مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقدہ عظیم الشان محفل پاک میں صاحبزادہ شبیر احمدصدیقی نے بڑے مترنم اوردل نشین انداز میں حضورسیدنا صدیق اکبرؓ کی شان اقدس میں منقبت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ،دوران منقبت آپ نے اشعارکے معنی ومفہوم بھی بیان فرمائے جس سے شرکائے محفل بھرپورلطف اندوز ہوئے ۔صاحبزادہ شبیر احمدصدیقی نے کہاکہ فرمان رسول ﷺہے کہ ’’میرے بعد صدیقؓ وعمرؓکی پیروی کرنا۔آقا ﷺ کے حکم مبارک کیمطابق تمام صحابہ کرامؓ حضورسیدنا صدیق اکبرؓ کی پیروی کرتے تھے۔آپؓ میرِ کاروان مصطفی ﷺ ہیں،آپؓ ؓ ظاہری وباطنی طور پرحضورنبی کریم ﷺ کی ذات اقدس میں فنا تھے،کمال بشر،نورذوالعلیٰ،سیدناصدیق اکبرؓ ہیں۔حضورنبی کریم ﷺ کی قربت حاصل کرنیوالے تمام خوش نصیبوں میں حضورسیدنا صدیق اکبرؓسب سے زیادہ خوش نصیب ہیں جنہیںآپﷺ کی سب سے زیادہ قربت عطا ہوئی۔آپؓ ایسے رہنما ہیں کہ تمام اماموں اور صحابہؓ نے بھی آپؓ کو اپنا پیشوا مانا۔آپؓ وزیروں میں بھی اول،حبیبوں میں بھی اول،بعد ازمصطفیﷺ ہر ایک کے شہنشاہ صدیق اکبرؓ ہیں۔تمام صحابہ کرامؓ کی شان وعظمت وراالوراہے لیکن سیدنا صدیق اکبرؓ کی شان وعظمت صحابہ کرامؓ کی سمجھ سے بھی بالاترہے۔اگر کوئی آپؓ کی شان وعظمت دیکھنا چاہتاہے تو وہ چشم بینا لیکر آئے ۔آپؓ سراپا ء محبت اوروفاکے شہنشاہ ہیں ۔صاحبزادہ شبیر احمدصدیقی نے مزیدکہاکہ معشوق خداومصطفی ﷺ حضورسیدنا صدیق اکبرؓ ہیں،آپؓ پیری میں،مریدی میں،امیر ی میں،فقیری میں ،ہر رنگ میں سب سے جدانظرآتے ہیں اوروہ کشتی کسی بھی طرح ڈوب نہیں سکتی ،جس کے ناخداحضورسیدنا صدیق اکبرؓ ہیں۔یہی توہم پر لاثانی کرم ہے کہ اللہ ورسولﷺ حضورسیدنا صدیق اکبرؓ کی نسبت کاصدقہ سلسلہ عالیہ لاثانیہ کوزیادہ سے زیادہ نوازرہے ہیں،محفل پاک کے اختتام پر ملک وملت کی سلامتی اوراستحکام کیلئے خصوصی دعافرمائی گئی۔