اسلام آباد(یواین پی) دنیا بھر میں معروف مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر نے نئے فیچر’’چیٹ ببل‘‘اور’’کلر کوڈ(کلر چیٹ)‘‘متعارف کرانے کافیصلہ کیاہے۔ ان نئے فیچرز کے ذریعے اب ٹوئٹر صارفین اپنے دوستوں اوردیگر افراد کے ساتھ مختلف رنگ استعمال کرتے ہوئے چیٹ کرسکیں گے۔ان فیچرز کو ٹیسٹ کرنے کے لیے ٹوئٹر انتظامیہ نے’’ٹوٹر‘‘ نامی پروٹوٹائپ ایپ متعارف کرائی ہے۔ تاہم ابھی اس ایپ میں صرف 1000 لوگوں کو ہی شامل کیا گیاہے جو اس ایپ کے ذریعے یہ نئے فیچرز استعمال کر کے ان کی کارکردگی سے متعلق اپنی رائے دیں گے۔ مثبت رائے سامنے آنے کے بعد ہی ایپ میں نئے فیچرز متعارف کرائے جائیں گے۔ٹوئٹر انتظامیہ کے مطابق کمپنی نے پروٹو ٹائپ ’’ٹوٹر‘‘ ایپ کو گزشتہ برس کنزیومر الیکٹرانکس شو کے دوران ہی لانچ کردیا تھا، اس ایپ کو کوئی بھی صارف ڈاؤن لوڈ کرسکتا ہے تام کمپنی صرف 1000 صارفین کو ہی ٹیسٹ صارفین بنائے گی۔اس نئی ایپ میں ببل چیٹ دائرے کی صورت میں بنائی گئی ہے جب کہ پیغام کا جواب دینے کے لیے ایک کلر کوڈ موجود ہے تاکہ ہر کوئی آپ کو با آسانی شناخت کرسکے۔ اس کے علاوہ کسی بھی پیغام کو لائک، ری ٹوئٹ، شیئر اور دیگر معلومات تک رسائی کا آپشن رپلائی کے اندر ہی چھپا ہوا ہے۔ٹیسٹنگ کے دوران جو دیگر فیچرز زیر بحث آئے ان میں اسٹیس اپ ڈیٹ کا فیچر اور ایسے فیچرز ہیں جن سے لوگوں کے بیچ کی دوری ختم ہو۔