بیروت۔۔۔لبنان میں حزب اللہ ،سنی بلاک اور دیگر جماعتوں پر مشتمل اتحادی حکومت تشکیل دیدی گئی۔10 ماہ سیاسی تعطل کے بعد ہفتہ کو لبنان کے وزیر اعظم تمام سلام نے 24 ممبران پر مشتمل اتحادی حکومت کا اعلان کر دیا۔صدارتی محل میں اتحادی حکومت کے اعلان کے بعد وزیر اعظم تمام سلام نے کہا کہ مسلسل دس ماہ صبر آزماء کوششوں کے بعد قومی مفادات کی ترجمانی کرنے والی حکومت قائم ہوگئی ہے۔اتحادی حکومت میں مزاحمتی تحریک حزب اللہ اور سابق وزیر اعظم رفیق حریری کے سنی بلاک کے ممبران شامل ہیں۔24 وزارتوں کو تین گروپوں میں تقسیم کردیا گیا ہے۔ حزب اللہ اور سنی بلاک کو آٹھ آٹھ وزارتیں اور باقی آٹھ وزارتیں غیر جانبدار امیدواروں میں تقسیم کر دی جائینگی۔ملک کے 18 فرقوں کے مابین ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے مسلمانوں اور عیسائیوں میں حکومتی تقسیم کو منصفانہ بنایا گیا ہے۔گزشتہ سال اس وقت اتحادی حکومت کیلئے راستہ ہموار ہو گیا جب حریری نے حزب ا للہ کیساتھ حکومت بنانے پر رضامندی ظاہر کر دی۔