لاہور (یواین پی ) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیب حکام نے حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا ہے ،کیا حمزہ شہباز اور شہباز شریف دہشت گرد ہیں ؟ تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے حمزہ کے گھر پر چھاپہ مارنے کے رد عمل میں مریم نواز نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی رہائش گاہ پر عمران خان کے کہنے پر چھاپہ مارا گیا، عمران خان ذہنی طور پر مفلوج ہوچکے ہیں اور اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے شہباز شریف کی رہائش گاہ پر بغیر بتائے چھاپہ مارا گیا جبکہ شریف خاندان پر ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ انہوں نے سوال کیا کہ نیب نے بغیر وارنٹ دن دھاڑے رہائش گاہ پر کیوں چھاپا مارا، نیب ڈاکوؤں ادارہ ہے یا احتساب کا۔ انہوں نے کہا کہ یہ چھاپے کس قانون کے تحت مارے جارہے ہیں، کیا شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیا دہشت گرد ہیں، موجودہ حکومت خوفزدہ ہے کہ وہ اس ہتھکنڈے پر اتر آئے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی ٹیم کے چھاپے کے وقت حمزہ شہباز گھر میں موجود تھے اور نیب کی ٹیم نے ان سے سوالات کیے۔ ادھر مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ یہ نیب کی لاقانونیت کی انتہا ہے، ایک عدالتی حکم موجود ہے جس میں لاہور ہائیکورٹ نے نیب سے کہا تھا کہ گرفتاری سے قبل آپ آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیب حکام نے بغیر وارنٹ چھاپہ مارا اور سادہ لباس میں گھر میں داخل ہوئے اور یہ کوئی الزام ثابت کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ نیب حکام نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا، یہ ادارے کے طور پر نہیں بلکہ سیاسی مخالفین کی زبان بند کرنے کے لیے آلے کے طور پر استعمال ہورہا اور عمران خان نیب کے ذریعے حکومت کرنا چاہ رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت ناانصافی کی حکومت ہے اور یہ صرف سیاسی انتقام ہے اور عدالتی حکم کو بھی پامال کیاجارہا ہے۔