لاہور: (یواین پی) وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اہم اجلاس میں پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کے مسودے کی منظوری دیدی گئی ہے۔وزیراعظم کے زیر صدارت لاہور میں ہونیوالے اجلاس میں پارلیمانی پارٹی اور پنجاب کابینہ ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کے بارے بریفنگ دی گئی۔نئے بلدیاتی نظام میں ویلج کونسل اور محلہ کونسل کا انتخاب غیر جماعتی بنیادوں پر کرانے جبکہ تحصیل اور میونسپل کونسل کے انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کی تجویز دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام دو درجوں پر مشتمل ہو گا۔ تحصیل اور ویلج کونسل کا نظام قائم کیا جائے گا۔ نئے بلدیاتی نظام میں ضلع کونسل کے نظام کو ختم کرنے کی سفارش کرتے ہوئے ضلع کونسل کی بجائے تحصیل کونسل کا نظام تجویز کر دیا گیا ہے۔ شہروں میں میونسپل اور محلہ کونسل جبکہ دیہات میں تحصیل اور ویلج کونسل ہوگی۔