اسلام آباد(یواین پی)پلوامہ حملے سے متعلق پاکستان کے 8 سوالوں کے جواب نہ دینے پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو آلووالیا کو دفترخارجہ طلب کرلیا گیا۔دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا کہ پلوامہ حملے سے متعلق بھارت کی جانب سے بھیجے گئے ڈوزیئر میں کالعدم تنظیموں کے جن کارندوں کا ذکر کیا گیا تھا پاکستان نے ان کو گرفتار کیا، بھارت نے ڈوزیئر پر پاکستان کے سوالوں کے جوابات نہیں دیئے، جس پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو آلووالیا کو دفترخارجہ طلب کیا گیا۔پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے وضاحت طلب کی کہ بھارت نے ڈوزیئر پر پاکستان کے سوالوں کے جواب کیوں نہ دیے, بھارت پلوامہ معاملے پر 8 سوالوں کے جواب دے، اور بتائے کہ کالعدم جیش محمد کا مبینہ ترجمان محمد حسن کون ہے, مبینہ ترجمان کی تمام متعلقہ تفصیلات فراہم کی جائیں۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزارت خارجہ نے بھارت سے کالعدم جیش محمد کے مبینہ ترجمان محمد حسن کا سم ریکارڈ طلب کر لیا ہے، اور مبینہ ترجمان کے واٹس ایپ نمبر کی تفصیلات بھی مانگی ہیں، اور ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ بھارت قابل عمل شواہد فراہم کرے ہم تعاون کے لئے تیار ہیں۔