اسلام آباد(یواین پی) وزیراعظم عمران خان اتوار کو دو روزہ سرکاری دورے پر ایران جائیں گے، وزیراعظم کا ایران کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان 21 اپریل کو دو روزہ سرکاری دورے پر ایران روانہ ہوں گے، دورے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔وزیراعظم عمران خان کا ایران کا یہ پہلا دورہ ہے، وہ یہ دورہ ایران کے صدر حسن روحانی کی دعوت پر کررہے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان تہران میں دو طرفہ مذاکرات سے قبل مشہد میں مختصر قیام کریں گے۔عمران خان دورے کے دوران ایرانی صدر حسن روحانی اور سپریم لیڈر سید علی خامنائی سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم ایران میں تاجر برادری کے ارکان سے بھی ملاقات کریں گے۔ایران کے دو روزہ دورے پر وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وفاقی وزیرخزانہ، وزیر میری ٹائم، وزیرانسانی حقوق، وزیربین الصوبائی رابطہ، چیئرمین ٹاسک فورس برائے انرجی، مشیرتجارت اور معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز بھی ہوں گے۔