اسلام آباد: (یواین پی) وزیراعظم عمران خان نے مستقل معذور افراد اور تھرپارکر کے عوام کو بھی صحت انصاف کارڈ جاری کرنے کی منظوری دیدی۔وزیرِاعظم عمران خان نے مستقل معذوری کے شکار افراد اور ان کے خاندانوں کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ نادرا ڈیٹا بیس میں موجود مستقل معذوری کا شکار تمام افراد اور ان کے خاندانوں کے لئے صحت انصاف کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔معذوری سے متاثرہ افراد اور ان کے خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ کی بدولت سات لاکھ بیس ہزار روپے سالانہ تک کی صحت کی سہولیات مفت میسر آئیں گی۔ اس سہولت سے اسلام آباد، آزاد جموں وکشمیر، گلگت بلتستان اور تھرپارکر سے تعلق رکھنے والے تمام معذور افراد مستفید ہوں گے۔اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے صحت سہولت پروگرام کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے ضلع تھرپارکر کے تمام خاندانوں کو صحت سہولت کارڈ فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔صحت انصاف کارڈ کی بدولت ضلع تھرپارکر میں بسنے والے خاندانوں کو سات لاکھ بیس ہزار روپے سالانہ تک کی صحت کی سہولیات مفت میسر آئیں گی۔ ضلع تھرپارکر کے تین لاکھ خاندانوں اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔