دودھ اور سبزی فروشوں نے قیمتوں میں 50 فیصد تک خودساختہ اضافہ کر دیا

Published on April 23, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 551)      No Comments

فیصل آباد: (یواین پی) فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں منافع خوروں کی جانب سے دودھ، پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں پچاس فیصد تک خود ساختہ اضافہ کر دیا گیا، ضلعی انتظامیہ اورمارکیٹ کمیٹیاں قیمتیں کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہو گئیں۔مہنگائی کے نام پر منافع خوروں نے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کے لئے کمر کس لی۔ دودھ، پھلوں، سبزیوں، مصالحہ جات سمیت اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں پچاس فیصد تک اضافہ کر دیا۔ فیصل آباد میں ایک ہفتے کے اندر سیب 150 روپے سے بڑھ کر 220 روپے کلو ہو گئے، کیلا ڈیڑھ سو روپے درجن تک جا پہنچا اور کجھور 70 روپے کے اضافے سے 200 روپے کلو تک پہنچ گئی۔سبزیوں میں گرمی کی سوغات کریلے 70 روپے فی کلو سے بڑھ کر 150 روپے ہو گئے، کھانوں کا لازمی جز لہسن اور ادرک کی قیمت میں 50 سے 60 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ لہسن 100 روپے اضافے کے ساتھ 200 روپے کلو جبکہ ادرک 60 روپے اضافے کے ساتھ 190 روپے کلو ہو گیا گرمی کا توڑ لیموں 200 روپے کلو تک جا پہنچے۔ادھر گوجرانوالہ میں گوالوں نے من مانی کرتے ہوئے دودھ کی قیمت میں 20 روپے فی لٹراضافہ کر دیا ہے جس کے باعث دود ھ 80 روپے کی بجائے 100 روپے فی لیٹر فروخت ہونے لگا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دودھ مہنگا ہونے کے ساتھ ساتھ مضر صحت بھی ہے۔ دودھ فروش شہریوں کا خون نچوڑے میں مصروف ہیں، شہریوں کو گوالہ گردی سے بچانے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ لمبی تان کر سوئے ہوئے ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Premium WordPress Themes