اسلام آباد: (یو این پی) مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی تقریریں لکھنے والے انہیں گمراہ کر رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی نے اپنا آخری پتا بھی ضائع کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول کی بچگانہ تقریروں سے ان کی فلم فلاپ ہو چکی ہے۔ ایسی باتیں کر کے یہ بند گلی کی طرف جا رہے ہیں۔ کرپشن پر پیپلزپارٹی نے اپنا سٹینڈ نہ بدلا تو آئندہ الیکشن میں سندھ سے بھی ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔ سابق وزیر خزانہ اسد عمر پر تنقید کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں یوسف رضا گیلانی کی کابینہ میں چار بار وزیر خزانہ کو بدلا گیا کیا یہ لوگ انہیں بھی ناکامی کہیں گے۔ پروگرام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ دورہ ایران کے دوران وزیراعظم کی بات غیر ارادی طور پر منہ سے نکلی تھی۔ وزیراعظم نے جان بوجھ کر ایسے الفاظ استعمال نہیں کیے اور نہ ہی لکھی ہوئی تقریر پڑھتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے بھی ایک بار بلاول بھٹو زرداری کو شہید کہہ دیا تھا جبکہ نثار کھوڑو کی بھی زبان پھسل گئی تھی۔ میرے خیال میں غیر ارادی طور پر منہ سے بات نکل جاتی ہیں۔ پروگرام میں ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے وزیراعظم عمران خان نےمجھےاپنی ٹیم میں شامل کیا۔ اپنے قائد کو مایوس نہیں کروں گی۔ سیاست کو اپنی ذات اور کاروباری مفادات کے لیے نہیں کرتی۔ میرا مقصد عوامی سیاست کرنا ہے۔ عام آدمی کی جنگ لڑ رہی ہوں۔