اسلام آباد: (یواین پی) دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک بات چیت میں افغانستان اور خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے وزیراعظم عمران خان کو فون کرکے ان کے ساتھ اہم معاملات پر گفتگو کی ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان افغانستان اور خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دوطرفہ برادرانہ تعلقات کے استحکام کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔ان کا کہنا تھا کہ طویل تنازع نے افغانستان کو غیر مستحکم کیا جس سے گزشتہ کئی دہائیوں میں پاکستان بھی متاثر ہوا۔انہوں نے زور دیا کہ دونوں ملکوں کی قیادت عوامی فلاح، امن، اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرے۔وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان افغانستان کو اپنا بردار دوست ملک سمجھتا ہے۔ افغان مسئلے کا پرامن حل افغانوں کے ذریعے ہی ہونا چاہیے۔