اسلام آباد: (یواین پی) قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس پر سیاست کر رہا ہے۔سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ متاثرین کو سنا گیا نہ انصاف ملا، تمام شواہد کو مٹا دیا گیا۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں نوٹس لیں۔ متاثرین کو عالمی عدالت میں بھی لے کر جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے متاثرین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں رحمان ملک کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے اس کے تمام شواہد کو مٹا دیا گیا، اس کی تفتیش کرنے والے افسر تک کو قتل کر دیا گیا۔ کیس میں انصاف نہیں ہوا، متاثرین کو سنا تک ہی نہیں گیا۔رحمان ملک نے کہا کہ ساںحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے متاثرین کو عالمی عدالت بھی لے کر جائیں گے جبکہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی اس کا نوٹس لینا چاہیے۔