کراچی(یواین پی)پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما منظورحسین وسان نے جسٹس فائز عیسیٰ کے ساتھ انصاف کرنے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہاہے کہ قربانی چھوٹی نہیں بڑی عید پر ہو گی، سیاسی گرمی بڑھے گی کوئی باہر جائے گا تو کوئی اندر جائے گا،2020میں عمران خان کو وزیر اعظم نہیں دیکھ رہا۔پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما منظورحسین وسان نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ 2020 میں عمران خان کو وزیر اعظم نہیں دیکھ رہے اور عمران خان کو اپنی جماعت کی طرف سے ری پلیس کر دیا جائے گا۔حکومت نے آئی ایم ایف کے پاس ملک گروی رکھ دیا ہے، ملک میں مہنگائی اتنی بڑھ گئی ہے کہ عید کے بعد عوام خود ہی سڑکوں پر حکومت کے خلاف نکلیں گے۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف مل کر عید کے بعد تحریک چلائیں گی تو کامیاب ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ سیاسی گرمی بڑھے گی، کوئی باہر جائے گا تو کوئی اندر جائے گا اور نواز شریف کی جگہ مریم نواز اور شہباز شریف کی جگہ حمزہ شہباز لیں گے۔منظور وسان نے جج ریفرنس کے حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ قاضی فائز عیسی اچھے جج ہیں اور ان کے بڑوں کی پاکستان بنانے میں بڑی قربانیاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے غداروں کو پھانسی ملنی چاہیے اور پیپلز پارٹی احتساب کے خلاف نہیں، احتساب سب کا ہونا چاہیے۔