اسلام آباد (یواین پی) میرٹ کا قتل کرکے وزیر برائے ماحولیات زرتاج گل کی بہن شبنم گل کو نیکٹا میں تعینات کیے جانے پر ہنگامے کے بعد وہ شخص بھی سامنے آگیا جس کا حق مار کر وزیر کی بہن کو نوکری پر رکھا گیا ہے۔مہر منور ایک نوجوان سکالر نے دعویٰ کیا ہے کہ جس نوکری پر زرتاج گل کی بہن کو تعینات کیا گیا ہے اس پر ان کا حق بنتا ہے۔ مہر منور جو کہ پی ایچ ڈی سکالر ہیں اور ہیومن سکیورٹی پر ریسرچ کر رہے ہیں نے کہا کہ نیکٹا کی جانب سے نوکری کا اشتہار دیا گیا تھا جس کا تحریری امتحان بھی ہوا تھا۔ ’ میں اس تحریری امتحان میں شریک ہوا اور پورے پاکستان میں ٹاپ کیا تھا جس کے تمام ثبوت میرے پاس موجود ہیں‘۔مہر منور نے وزیر اعظم پاکستان اور چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس کی اپیل کی اور کہا کہ اگر نیکٹا جیسے اہم ترین ادارے میں ہی میرٹ نہیں ہوگا تو ملک کا کیا ہوگا۔ ریاست مدینہ کا دعویٰ کرتے ہیں تو اس ریاست میں تو میرٹ کا قتل عام نہیں ہوتا تھا۔